18 ستمبر 2012
وقت اشاعت: 19:39
ورلڈ کپ میں سب سے بڑا اسکور کا اعزاز سری لنکا کے پاس
اے آر وائی - آئی سی سی ورلڈ ٹوینٹی ٹوینٹی کے ہونے والے تین ایڈیشنز میں کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا اسکور سری لنکا کااورکم ترین اسکورآئرلینڈ کاہے۔ آئی سی سی ورلڈ ٹوینٹی ٹوینٹی کے تین ایڈیشنزدوہزار سات، دوہزار نو اور دوہزار دس میں ہوئے۔
دوہزار سات میں سری لنکا نے کینیا کے خلاف چھ وکٹ پر دو سو ساٹھ رنز بنائے ہیں جو کہ اس ایونٹ کے ساتھ ٹی ٹوینٹی کا بھی سب سے بڑا اسکور ہے۔ دوہزار دس میں ویسٹ انڈیز نے آئرلینڈ کو صرف اڑسٹھ رنز پر آئوٹ کیا تھا جو اس ایونٹ کا کم ترین اسکور ہے۔
ایک ہی میچ میں سب سے رنز دو ہزار سات کے ایڈیشن میں بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے میچ میں بنے ، جس میں دونوں ٹیموں کا مجموعی اسکورچار سو اٹھارہ رنز تھا، اس میچ میں بھارت نے چار وکٹ پر دو سو اٹھارہ اور انگلینڈ نے چھ وکٹ پر دو سو رنزبنائے تھے۔
ایک ہی میچ کا کم ترین اسکور نیوزی لینڈ اور زمبابوے کے ہونے والے میچ میں ایک سو بیس رنز کا ہے، جس میں بارش کی وجہ سے فیصلہ ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت کیویز کے حق میں ہوا۔ سب سے بڑی جیت کا اعزازسری لنکا کو حاصل ہے جو اس نے دوہزار سات میں کینیا کے خلاف ایک سو باہتر رنز سے حاصل کی تھی۔