20 ستمبر 2012
وقت اشاعت: 16:39
جنوبی افریقہ ٹیم کومتعدد میچ ونرز کی خدمات میسر
اے آر وائی - ورلڈ ٹوئنٹی ٹوئنٹی گروپ سی کا میچ آج ہمبن ٹوٹا میں جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے درمیان کھیلاجائے گا۔جنوبی افریقہ کو کئی میچ وننگ کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں۔
ورلڈٹوئنٹی ٹوئنٹی میں آج جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے درمیان گروپ سی کا میچ کھیلا جائیگا۔جنوبی افریقہ اب تک کوئی اہم ٹورنامنٹ نہیں جیت سکا، لیکن جنوبی افریقی ٹیم میں کئی ہرفن مولا کھلاڑی شامل ہیں جوتن تنہااپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنارکرسکتے ہیں۔
آل راوٴنڈر جیک کیلس نے ورلڈٹی ٹوئنٹی کے دس میچوں میں چارسو نو رنز اسکورکئے ہیں۔کیلس کی موثر میڈیم پیس بولنگ بھی ٹیم کیلئے اثاثے سے کم نہیں۔کپتان ابراہم ڈی ویلیئر جنوبی افریقہ کو کئی بار فتوحات دلا چکے ہیں۔انتالیس ٹی ٹوئنٹی میچز میں چھ سوترانوے رنز ڈی ویلیئر کی جارحانہ بیٹنگ کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔بطور وکٹ کیپرڈی ویلیئر نے پینتیس کیچز اور چار اسٹمپڈ سمیت انتالیس شکار کئے ہیں۔
رچرڈ لیوی کوٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تیز ترین سنچری بنا نے کا اعزاز حاصل ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف لیوی نے اکیاون گیندوں پر ایک سوسترہ ناقابل شکست رنز تیرہ چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے بنائے۔ مورنی مورکل اور ڈیل اسٹین جنوبی افریقہ کے میچ ونر بولرز ہیں۔مورنی مورکل نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے دس میچوں میں سترہ کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا ہے۔ڈیل اسٹین گیارہ میچز میں چودہ وکٹیں لے چکے ہیں۔