20 ستمبر 2012
وقت اشاعت: 22:13
ورلڈ ٹی 20: جنوبی افریقہ نے زمبابوے کو دس وکٹوں سے ہرادیا
اے آر وائی - ورلڈ ٹوینٹی ٹوینٹی میں جنوبی افریقہ نے یک طرفہ مقابلے میں زمبابوے کو دس وکٹ سے شکست دے دی۔ جس کے بعد گروپ سی سے جنوبی افریقہ اور سری لنکا کی ٹیمیں سپر ایٹ مرحلے میں پہنچ گئیں ہیں۔
ہمبن ٹوٹا کے مہندا راجا پکسے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ مضبوط حریف کیخلاف زمبابوے کے بیٹسمین جم کر نہ کھیل سکے اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتے رہے۔ زمبابوے کی ٹیم مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹ پر ترانوے رنز ہی بناسکی۔ کریگ ایروین نے ذمے دارانہ اننگز کھیلی اور سینتیس رنز بناکر نمایاں رہے۔ ژیاک کیلس نے چار اور مورنی مورکل نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں جنوبی افریقہ کے اوپنرز رچرڈ لیوی پچاس اور ہاشم آملہ بتیس رنز نے کوئی وکٹ گنوائے بغیر مطلوبہ ہدف تیرہویں اوور میں حاصل کرلیا۔ یوں جنوبی افریقہ نے دس وکٹوں سے فتح سمیٹی۔ جو اس ایونٹ کی سب سے بڑی فتح بھی ہے۔ زمبابوے کی ٹیم گروپ سی کے دونوں میچوں میں شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہونے والی پہلی ٹیم بن گئی۔ جبکہ اس گروپ سے جنوبی افریقہ اور سری لنکا کی ٹیمیں سپر ایٹ مرحلے میں پہنچ گئیں ہیں۔