23 ستمبر 2012
وقت اشاعت: 13:14
پاکستان اورنیوزی لینڈ کی ٹیموں میں کئی فتح گر کھلاڑی
اے آر وائی - پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈٹوئنٹی ٹوئنٹی مہم کاآغاز آج میچ نیوزی لینڈ کے خلاف پالی کیلے میں کررہی ہے۔دونوں ٹیموں کے کئی مثبت اورمنفی پہلو ہیں اورکئی کھلاڑی تن تنہا اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنارکرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کا سب سے مضبوط شعبہ اسپن بولنگ ہے ۔ جس میں سرفہرست آف اسپنر سعید اجمل ہیں جو تینوں طرز کی کرکٹ میں دنیا کے صف اول کے بولر ہیں۔سعیداجمل کو اس طرز کی کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل ہے۔شاہدآفریدی ٹی ٹوئنٹی میں تیسرے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں،وہ ستائیس وکٹیں لیکرتین ورلڈٹی ٹوئنٹی کے کامیاب ترین بولر بھی ہیں۔آفریدی کا بیٹ ان دنوں خاموش ہے لیکن بوم بوم آفریدی کسی بھی بولنگ کے پرخچے اڑاسکتے ہیں۔
کپتان محمدحفیظ قابل بھروسہ آل راؤنڈرہیں۔پاکستان کے فاسٹ بولرعمرگل ٹی ٹوئنٹی کے دوسرے کامیاب بولر ہیں۔عمرگل ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں نیوزی لینڈ کیخلاف صرف چھ رنز دیکرپانچ وکٹیں لے چکے ہیں۔ برینڈن مک کلم نیوزی لینڈ کے ڈینجر مین ہیں ۔انہوں نے میگاایونٹ کے پہلے ہی میچ میں بنگلہ دیش کے اسپن کا جادوتوڑدیا اورٹی ٹوئنٹی کا سب سے بڑا انفرادی اسکورکرڈالا۔
ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ رنز، سنچریز،نصف سنچریز،چھکے اورچوکوں کاریکارڈ برینڈن مک کلم کے نام ہے۔کیوی کپتان راس ٹیلر نے ورلڈکپ دوہزارگیارہ میں پالی کیلے کے گراؤنڈ پر ہی پاکستان کیخلاف فتح گر سنچری بنائی تھی۔فاسٹ بولر ٹم ساؤتھی اننگز میں پانچ وکٹوں کی کارکردگی سمیت پاکستان کے خلاف پانچ میچوں میں گیارہ وکٹیں لے چکے ہیں۔