4 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 22:17
پاکستان سیمی فائنل16رنز سے ہار گیا
اے آر وائی - پاکستان کا ٹوئنٹی ٹوئنٹی کپ کا فائنل کھیلنے کا خواب ادھورا رہ گیا۔ پاکستان کے بلے باز ایک مرتبہ پھر اپنی ذمہ داریاں ادا نہ کر سکے اور ایک آسان ہدف کا حصول ناممکن بنا دیا ۔ جس کے باعث پاکستان کو سولہ رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ سری لنکا کے ایک سو انتالیس رنزکے جواب میں پاکستان نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر ایک سو تئیس رنز بنائے ۔
پاکستان کی بیٹنگ لائن ایک مرتبہ پھر ناکام ہو گئی۔ کپتان محمد حفیظ ، عمران نذیر اور عمر گل ڈل فیگر میں داخل ہو سکے ۔ محمد حفیظ نے بیالیس ، عمران نذیر نے بیس اور عمر اکمل نے انتیس رنز بنائے ۔شاہد آفریدی صفر پر آئوٹ ہوئے۔ ناصر جمشید چار ، کامران اکمل ایک ، سہیل تنویرآٹھ اورشعیب ملک چھ رنز بنا کر آئوٹ ہوئے ۔ سری لنکا کی جانب سے سب سے کامیاب بائولر رنگاناہیراتھ رہے انہوں نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ اینجلو میتھیوز اور اجنتا مینڈس نے دو دوکھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان کیخلاف سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چار وکٹوں کے نقصان پرایک سو انتالیس رنزبنائے تھے۔ پاکستان کو فائنل میں پہنچنےکےلئے ایک سوچالیس رنز درکارتھے ۔ لیکن پاکستان اس ہدف تک نہیں پہنچ سکا۔
سری لنکا کے کپتان مہیلا جے وردھنے نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ پاکستانی بائولروں نے نہایت نپی تلی بائولنگ کرائی جس کی وجہ سے سری لنکن بیٹسمیں بڑا سکورکرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے ۔ سری لنکا کی جانب سے سب سے زیادہ رنز کپتان مہیلا جے وردھنے نے بنائے انہوں نے چھتیس گیندوں پر بیا لیس رنز بنائے ۔ شاہد آفریدی کی گیند پر حسن رضا نے ان کا کیچ لیا۔ تلکا رتنے دلشان نے پینتیس رنز بنائے انہیں عمر گل نے بو لڈ کیا۔ کمار سنگا کارا نے اٹھارہ رنز بنائےشعیب ملک نے محمد حفیظ کی گیند پر انہیں آئوٹ کیا۔ جیون مینڈس نے پندرہ رنز بنائے سعید اجمل کی گیند پر ان کا کیچ وکٹ کیپر کامران اکمل نے لیا ۔ تھسارا پریرا اور اینجلو میتھیوز نے بالترتیب گیارہ اور دس رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے ۔ پاکستان کی جانب سے شاہد آفریدی ، عمر گل ، محمد حفیظ اور سعید اجمل نے ایک ایک وکٹ لی۔