10 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 13:2
بھارتی ٹی وی کا اسٹنگ آپریشن،آئی سی سی اجلاس میں زیربحث
اے آر وائی - امپائرز کے بارے میں بھارتی ٹی وی کے اسٹنگ آپریشن کا آئی سی سی نے نوٹس لے لیاہے۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس کے پہلے روز ایشو پر بحث ہوئی۔آئی سی سی نے متعلقہ ممالک کو اپنے امپائرز کے بارے میں تفتیش کی ہدایت کی اور بھارتی ٹی وی کو غیر ایڈٹ شدہ وڈیو فراہم کرنے کوکہاہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھارتی ٹی وی کے امپائرزکرپشن کے بارے میں اسٹنگ آپریشن کانوٹس لے لیاہے اورپاکستان،بنگلہ دیش اور سری لنکا کواپنے امپائرز کے بارے میں تفتیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔آئی سی سی ایگزیکٹو بورڈ کے دو روزہ اجلاس کے پہلے دن امپائرز تنازع چھایارہا۔اینٹی کرپشن یونٹ کے آفیسرایم ایس ورک کے مطابق بھارتی ٹی وی سے بغیرایڈیٹ وڈیو فراہم کرنے کو کہاگیاہے۔
آئی سی سی حکام نے واضح کیاکہ کھلاڑی ہوں یا آفیشل کرپشن برداشت نہ کرنے کی پالیسی پر قائم ہیں۔اسکینڈل میں جن امپائرزکے نام شامل ہیں ان میں سے کسی نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میچز سپروائز نہیں کئے تاہم چینل کے پاس کوئی ثبوت ہے تو پیش کرے ،قصور وار ثابت ہونے والے کیخلاف ضرور کارروائی کی جائیگی۔
بھارتی بورڈ کے نائب صدر راجیوشکلا نے یہ کہہ کردامن چھڑا لیاکہ بی سی سی آئی تنازع میں ملوث نہیں ہے ،حقائق جاننے کیلئے تحقیق کرنا آئی سی سی کی ذمہ داری ہے۔
متعلقہ ٹی وی چینل کے سربراہ رجت شرما نے اصرار کیا کہ اپنے صحافیوں پر اعتماد ہے ،انکوائری کیلئے ہرممکن تعاون کیلئے تیار ہیں۔سری لنکا اور بنگلہ دیش کے امپائرزکاکہنا ہے کہ وہ بے قصور ہیں اور اسکینڈل بھارتی سازش ہے۔سری لنکن امپائرگامنی دیسانائیکے کا کہنا ہے کہ جھوٹا ایشو تمام سری لنکن امپائرز پر حملہ ہے۔