12 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 13:8
چیمپئنزلیگ ٹی20،سیالکوٹ اسٹالینزکی6وکٹ سے کامیابی
اے آر وائی - چیمپئنز لیگ ٹوئنٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی سیالکوٹ اسٹالینز ہمپشائر کو شکست دینے کے باوجود گروپ مرحلے میں نہ پہنچ سکی۔ ایونٹ میں یارکشائر اور آکلنیڈ ایسز نے گروپ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
کوالیفائنگ راوٴنڈ کے آخری میچ میں سیالکوٹ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کافیصلہ کیا توہمپشائر نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹ پر ایک سو تینتالیس رنز بنائے۔ گلین میکس ویل بیالیس رنز بناکر نمایاں رہے۔ سیالکوٹ کی جانب سے حمید آصف نے دو کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔ جواب میں اسٹالینز کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف چار وکٹ پر حاصل کرلیا۔ فاتح ٹیم کی جانب سے حارث سہیل تریسٹھ رنز بناکر ناٹ آوٴٹ رہے جبکہ شعیب ملک انتالیس رنز بناکر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ اس جیت کے باوجود سیالکوٹ اسٹالینز کی ٹیم گروپ مرحلے میں جگہ نہ بناسکی۔
اس سے قبل کھیلا جانے والا میچ بارش کی وجہ سے ہارجیت کے فیصلے کے بغیر ختم کرنا پڑا۔ اس میچ میں ٹرنیڈا اینڈ ٹوباگو کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں تین وکٹ پر ایک سو اکیاسی رنز بنائے جس میں ڈیرن براوو اور دینش رام دین نے نصف سنچریاں بنائیں۔
یووا نیکسٹ کی پہلی وکٹ صفر رن پر ہی گرگئی تھی مگر بارش کی وجہ سے مزید کھیل ممکن نہ ہوسکا اور میچ بغیر نتیجے کے ختم کردیا گیا۔ یوں پول ون سے آکلینڈ ایسز نے اور پول ٹو سے یارکشائر نے دو دو میچ جیت کر گروپ مرحلے میں جگہ بنالی۔جو ہفتے سر شروع ہوگا۔