14 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 16:14
پی سی بی کی ندیم غوری اور انیس صدیقی کیخلاف تحقیقات شروع
اے آر وائی - پاکستان کرکٹ بورڈ نے امپائرز ندیم غوری اور انیس صدیقی کے بارے میں تحقیقات کا آغاز کردیاہے۔ پی سی بی کے لیگل منیجر سلمان نصیر نے امپائرز اسکینڈل افشا کرنے والے ٹی وی چینل کو تفتیش میں مدد دینے کیلئے خط تحریر کیاہے۔
بھارتی ٹی وی چینل نے اسٹنگ آپریشن کے ذریعے پاکستان،سری لنکا اور بنگلہ دیش کے چھ امپائرز کے رشوت قبول کرنے کا انکشاف کیاتھا۔ آئی سی سی ان امپائرز کو تحقیقات مکمل ہونے تک معطل کردیا ہے اور حالیہ بورڈ میٹنگ میں تینوں بورڈز کو ان امپائرز کے بارے میں تفتیش کرنے کو کہا ہے۔
پی سی بی نے بھارتی ٹی وی سے ندیم غوری اور انیس صدیقی کی گفتگو کا مکمل مسودہ فراہم کرنے کی درخواست کی ہے اور ان سے بغیر ایڈٹ کئے انکے انٹرویوز کے پورے وڈیوز بھی طلب کئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سلمان نصیر کے خط میں چینل سے انٹرویو لینے والے صحافی کو پاکستان بھیجنے یا پی سی بی کی کمیٹی سے نئی دہلی میں ملاقات کرانے کی بھی درخواست کی ہے۔