23 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 21:6
پی سی بی کی جنوبی افریقہ ٹور میں تبدیلی کی درخواست مسترد
اے آر وائی - کرکٹ جنوبی افریقہ نے درورہء پاکستان کے پروگرام میں تبدیلی کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کی درخواست مسترد کردی۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ مصروف شیڈول اور ٹور کے لیے ٹکٹوں کی فروخت شروع ہونے کی وجہ سے دورے کے پروگرام میں تبدیلی نہیں کی جاسکتی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین ذکاء اشرف کا کہنا ہے کہ مجوزہ پاکستان پریمیئر لیگ کے لیے جنوبی افریقہ سے مدد چاہیئے تھی لیکن وہ رضامند نہیں ہوئے لہذا پاکستان ٹیم اب آئی سی سی کے شیڈول کے مطابق دورہ کریگی۔ کرکٹ جنوبی افریقہ کے مطابق انہوں نے دورے کا اعلان کرکے ٹکٹوں کی فروخت شروع کردی ہے اس لیے اب پروگرام میں کسی تبدیلی کی گنجائش نہیں۔
پروگرام کے مطابق پاکستان ٹیم یکم فروری سے چوبیس مارچ تک جنوبی افریقہ کا دورہ کرے گی۔ جس میں تین ٹیسٹ، پانچ ون ڈے اور دو ٹی ٹوینٹی کھیلے جائینگے۔