25 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 17:55
ٹورڈی فرانس سائیکل ریس:سوسالہ ایونٹ کے روٹ کا اعلان
اے آر وائی - ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کے منتظمین نے آئندہ سال ہونے والے سو سالہ ایونٹ کے پہاڑی روٹ کا اعلان کردیا۔
مشہور زمانہ ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کو دوہزار تیرہ میں سوسال مکمل ہوجائیں گے۔ پیرس میں منعقدہ تقریب میں آرگنائزرز نے صد سالہ ایونٹ کے روٹ کا اعلان کیا جس کے اکیس میں سے بارہ سے زیادہ مراحل دشوار گزار لیکن دلکش پہاڑی علاقوں پر مشتمل ہونگے۔
دنیا کی مشہور ترین سائیکل ریس ڈوپنگ اسکینڈلز سے بری طرح متاثر ہوئی ہے اور ٹورڈی فرانس سائیکل ریس کے گذشتہ چودہ میں سے نو فاتحین کے میڈلز ممنوعہ ادویات کا استعمال ثابت ہونے پر واپس لے لئے گئے ہیں۔ان میں سے سات میڈلز لگاتار سات سال کے چیمپئن لانس آرمسٹرانگ سے واپس لئے گئے ہیں۔
انٹرنیشنل سائیکلنگ یونین کے صدر کرسچن پروڈہوم نے کہاکہ منفی طرز عمل اختیارکرنے والوں کے خلاف کارروائی سے سائیکلنگ کا وقار بحال ہواہے۔