25 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 20:16
ڈبلیوٹی اے چیمپئن شپ:دفاعی چیمپئن پیٹراکویٹووا دستبردار
اے آر وائی - ویمنز ٹینس سیزن کے اختتامی ٹورنامنٹ ڈبلیوٹی اے چیمپئن شپ کی دفاعی چیمپئن پیٹرا کویٹووا وائرل انفکشن کے باعث مقابلے سے دستبردار ہوگئیں۔ وکٹوریہ آزرنکا،ماریا شراپوا اور سرینا ولیمز اپنے اپنے میچز جیت گئیں۔
استنبول ترکی میں جاری ڈبلیوٹی اے چیمپئن شپ کی دفاعی چیمپئن جمہوریہ چیک کی پیٹراکویٹووا نے پریس کانفرنس میں دستبردار ہونے کا اعلان کیا۔انکی جگہ آسٹریلیا کی سمانتھا اسٹوسر کو چیمپئن شپ میں شامل کرلیاگیا۔ وائٹ گروپ میں بیلاروس کی وکٹوریہ آزرنکا نے جرمنی کی اینجلیک کیربر کوتین سیٹ کے سخت مقابلے میں زیرکرلیا ۔ آزرنکا نے چھ سات، سات چھ اور چھ چار کے اسکور سے فتح حاصل کی۔
آزرنکا کو سیزن کے اختتام تک عالمی نمبرون پوزیشن برقرار رکھنے کے لئے ایک اور فتح درکار ہے۔ ورلڈ نمبر دو روس کی ماریا شراپوا نے پولینڈ کی اگناسیا ریڈ وانسکا کوپانچ سات ،سات پانچ اور سات پانچ کے اسکور سے مات دیدی۔ ریڈ گروپ میں امریکا کی سرینا ولیمز نے چین کی لی نا کے خلاف سات چھ اور چھ تین کے اسکور سے کامیابی حاصل کی۔ چیمپئن شپ میں دوسری کامیابی کے بعد ماریا شراپوااور سرینا ولیمز نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے۔