29 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 19:15
بوکا جونئیرز اور ریور پلیٹ کا میچ 2-2 گول سے برابر
اے آر وائی - ارجنٹائن پریمیرا ڈیوژن فٹبال ٹورنامنٹ میں بوکا جونئیرز اور ریور پلیٹ کے درمیان مقابلے دو دو گول سے برابر رہا۔ کھیل شروع ہوا تو دو منٹ بعد ہی ریور پلیٹ کے مڈ فیلڈر لیونارڈو پونزیو نے فری کک پر گول کرکے اپنی ٹیم کو ایک صفر سے سبقت دلا دی۔
پینتیسویں منٹ میں بوکا جونئیرز کے کھلاڑیوں کو گول کرنے کا موقع ملا جو کہ ضائع ہوا۔ پہلے ہاف میں ریور پلیٹ ایف سی ایک صفر کی برتری قائم کرنے میں کامیاب رہی۔اکہترویں منٹ میں والٹر ارویٹی نے گیند کو جال میں پہنچا کر ریور پلیٹ کی برتری دگنی کردی۔
چند لمحے بعد ہی بوکا جونئیرز کو پینلٹی کک کا موقع مل گیا جسکا بھر پور فائدہ اٹھاتے ہوئے سنتیاگو سلوا نے اپنی ٹیم کیلئے پہلا گول اسکور کیا۔ اضافی وقت میں روڈریگو مورا نے سلوا کے پاس پر گول کرکے مقابلہ دو دو سے برابر کردیا۔