2 نومبر 2012
وقت اشاعت: 0:13
پاک بھارت کرکٹ سیریز کے شیڈول کا اعلان
اے آر وائی - بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف دسمبر جنوری میں ہونیوالی محدود اوورز کی سیریز کے پروگرام کا اعلان کردیا ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری سنجے جگدالے نے پروگرام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ٹیم بائیس دسمبر کو بنگلور پہنچے گی، جہاں وہ پچیس دسمبر کو پہلا ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔
دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ ستائیس دسمبر کو احمد آباد میں ہوگا۔ تین میچوں کی ون ڈے سیریز کا افتتاحی میچ تیس دسمبر کو چنئی، دوسرا تین جنوری کو کولکتہ اور تیسرا ون ڈے چھ جنوری کو دہلی میں کھیلا جائیگا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان دو ہزار سات کے بعد سے کوئی باہمی سیریز نہیں ہوئی۔ بھارت نے دو ہزار آٹھ کے ممبئی حملوں کے بعد سے پاکستان سے کرکٹ روابط منقطع کر لیے تھے۔