تازہ ترین سرخیاں
 کھیل 
8 نومبر 2012
وقت اشاعت: 8:9

اے ٹی پی فائنل: اعصام،روجرز آج بائرن برادرز کے مقابل

اے آر وائی - اے ٹی پی ورلڈ ٹورفائنل ڈبلز ایونٹ میں اعصام الحق اور جولین روجرز آج بائرن برادرز سے مقابلہ کریں گے۔ سنگلز میں عالمی نمبرایک نوواک یوکووچ نے اینڈی مرے کو ہرادیا۔ٹوماس برڈیچ نے جو ولفریڈ سونگا کو زیرکرلیا۔



لندن میں جاری ٹینس سیزن کے اختتامی ٹورنامنٹ کے گروپ اے میں اعصام اور جولین اپنا پہلا میچ ہارگئے تھے۔ آج پاک،ڈچ جوڑی اپنا دوسرا گروپ میچ عالمی نمبرایک پیئر امریکا کے باب اور مائیک بائرن کے خلاف کھیلیں گے۔ سنگلز میں عالمی نمبر ایک نوواک یوکووچ نے پہلا سیٹ ڈراپ کرنے کے باوجود برطانوی اینڈی مرے کو زیرکرلیا۔



یوایس اوپن اور اولمپک چیمپئن اینڈی مرے نے عمدہ آغاز کرتے ہوئے پہلا سیٹ چار چھ سے جیتا،لیکن یوکووچ نے دوسرے سیٹ میں شاندار کم بیک کیا اور چھ تین کی کامیابی سے مقابلہ برابرکردیا۔ فیصلہ کن سیٹ میں دونوں پلیئرز کے درمیان سخت معرکہ ہوا،تاہم جیت سات پانچ سے نوواک یوکووچ کے نام رہی جس نے دوسری کامیابی کے ساتھ سیمی فائنل میں رسائی کے امکانات روشن کرلئے۔



شکست کے باوجود اینڈی مرے اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ جمہوریہ چیک کے ٹوماس برڈیچ نے فرانس کے جو ولفریڈ سونگا کو سات پانچ، تین چھ اور چھ ایک سے شکست دیدی۔برڈیچ پہلی کامیابی کی بدولت سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہیں۔ گروپ بی میں یوکووچ نے دو میچز جیتے ہیں۔لیکن گروپ پوزیشن کے مطابق چاروں کھلاڑی سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرسکتے ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.