9 نومبر 2012
وقت اشاعت: 8:18
اے ٹی پی ورلڈٹورفائنل:اعصام الحق سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر
اے آر وائی - پاکستان کے اعصام الحق اوران کے ڈچ پارٹنرجولین راجرز دوسری شکست کے بعد اے ٹی پی ورلڈٹور فائنل کے سیمی فائنل کی دوڑ سے باہرہوگئے۔ دفاعی چیمپئن راجر فیڈرر نے سنگلز سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
لندن میں جاری ٹینس سیزن کے اختتامی ٹورنامنٹ اے ٹی پی ورلڈ ٹور فائنل میں اعصام الحق اور جولین راجرز دوسرا میچ بھی ہار گئے۔ امریکا کے باب اور مائیک بائرن نے اعصام، روجرز کو سات پانچ اور چھ چار سے ہرادیا۔
گروپ اے سے بائرن برادرز کیساتھ لینڈرپیس اور راڈک اسٹپنک کی جوڑی نے دومیچز جیت کر سیمی فائنل میں رسائی کا امکان روشن کرلیا۔اعصام اور روجرز اپناآخری گروپ میچ گرینولرز اور مارک لوپز سے کھیلیں گے۔
ریکارڈ چھ مرتبہ کے فاتح سوئٹزر لینڈ کے راجر فیڈرر نے سنگلز گروپ اے میں اسپین کے ڈیوڈ فیرر کوچھ چار اور سات چھ سے شکست دی اور سیمی فائنل میں جگہ یقینی کرلی۔فیڈرر نے فتح کے بعد کہاکہ انہیں میچ پوائنٹ پرسیمی فائنل میں رسائی کا علم نہیں تھا۔
ارجنٹائن کے یوان ڈیل پوٹرو نے سربیاکے یانکو تپ سراووچ کو چھ صفر اور چھ چار سے آؤٹ کلاس کردیا۔گروپ اے سے فیرر یا ڈیل پوٹرو فائنل فور میں جگہ بنائیں گے۔فیرر،ڈیل پوٹرو کو ہراچکے ہیں اورڈیل پوٹرو اپنا آخری میچ راجر فیڈرر سے کھیلیں گے۔ فیڈرر پرفتح پوٹرو کو اور شکست فیرر کو سیمی فائنل میں پہنچادے گی۔