1 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 11:37
ہالینڈ نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں تین گول
اے آر وائی - چونتیسواں چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں ہالینڈ نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں تین گول جبکہ جرمنی نے نیوزی لینڈ کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی۔ میلبرن میں چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں سترہویں منٹ پر وقاص شریف کے گول نے پاکستان کو سبقت دلائی۔ اکتیس ویں منٹ میں ڈی وین نے گول کرکے مقابلہ برابرکردیا۔
پہلے ہاف کے اختتام تک مقابلہ ایک ایک گول سے برابرتھا۔ دوسرے ہاف میں ہالینڈنے جارحانہ کھیل کامظاہرہ کیا اور ڈی وین اور ہرٹز برگ نے گول کرکے ڈچ ٹیم کوتین ایک کی لیڈ دلائی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔
ٹورنامنٹ کا دوسرا میچ جرمنی اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا گیا۔۔ جس میں جرمنی نے پہلے ہاف کے اختتام تک تین گول اسکور کیے جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کوئی گول اسکور نہ کرسکی۔
دوسرے ہاف میں نیوزی لینڈ نے فائٹ بیک کرتے ہوئے دو گول اسکور کیے۔ جرمنی نے دوکے مقابلے میں تین گول سے کامیابی حاصل کرلی۔میزبان آسٹریلیا نے بیلجیئم کو دو کے مقابلے میں چار گول سے شکست دی اور اعزاز کا فاتحانہ آغاز کیا۔