2 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 9:2
چیمپئنزٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ:پاکستان نے بیلجیئم کو شکست دیدی
اے آر وائی - چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان نے بیلجیئم کو ہراکر پہلی کامیابی حاصل کرلی۔ انگلینڈ نے جرمنی کے خلاف ایک کے مقابلے میں چار گول سے کامیابی حاصل کی۔
میلبرن میں چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے روز پاکستان کا مقابلہ بیلجیئم سے ہوا۔ کھیل کے پہلے ہاف میں کوئی ٹیم گول بنانے میں کامیاب نہ ہوسکی۔ دوسرے ہاف میں شکیل عباسی کے پاس پر حسیم خان نے پاکستان کی جانب سے پہلا گول اسکور کیا۔ فاؤل پلے کی وجہ سے اس ہاف میں پاکستان کے محمد عتیق اور بیلجیئم کے سیڈرک کو کچھ دیر کیلئے باہر نکالا گیا۔
کھیل کے آخری دس منٹ میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پر کئی حملے کئے۔اس دوران وقاص شریف اور شفقت رسول نے گول کرنے کے یقینی مواقع ضائع کئے۔میچ کے آخری منٹ میں شفقت رسول نے پاکستان کیلئے دوسرا گول اسکور کیا۔
پاکستانی ٹیم منگل کو تیسرا گروپ میچ آسٹریلیا سے کھیلے گا۔ پول اے کے میچ میں انگلینڈ نے جرمنی کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دیدی۔