13 مئی 2013
وقت اشاعت: 0:31
دو جنرلوں نے پاکستانی کھیلوں کو تباہ کردیا ہے، اصغر چنگیزی
جیو نیوز - کراچی…شکیل یامین کانگا… سابق اولمپئن باکسر اصغر چنگیزی نے کہا ہے کہ دو جنرلوں نے مل کر پاکستان کے کھیلوں کو تباہ کردیا ہے، گزشتہ ڈیڑھ سال سے پاکستانی باکسرز انٹرنیشنل مقابلوں میں حصہ نہیں لے سکے یہ بڑے افسوس کی بات ہے، اکرم خان جیسے دو نمبر لوگ ماضی میں بھی ٹیم کو انٹرنیشنل ایونٹس میں بھیجنے کا اعلان کرچکے ہیں ایک بار پھر کنگز کپ میں ٹیم کو بھیجا جارہاہے جبکہ کنگز کپ گزشتہ چار سال سے ہو ہی نہیں رہا۔ سابق اولمپئن باکسر کا کہنا تھا کہ کھیلوں کے حوالے سے ملک اس وقت بدترین دور سے گزر رہا ہے۔ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیاں فراہم کرنے کے بجائے ان کے مستقبل سے کھیلا جارہا ہے جو بہترین باکسر اس وقت ملک کو دستیاب ہیں انہیں انٹرنیشنل ایونٹس میں نہیں بھیج کر ضائع کیا جارہا ہے۔ جنرل عارف حسن خان اور جنرل اکرم ساہی نے آپس کی لڑائی سے کھیلوں کو جتنا نقصان پہنچایا ہے اتنا پہلے کبھی نہیں ہوا تھا۔ پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اقبال حسین واحد آدمی ہے جو باکسنگ سے پیار کرتا ہے اور اس کھیل کیلئے کچھ کرنا چاہتا ہے لیکن اسے کام نہیں کرنے دیا جارہا ہے۔ سابق سیکرٹری اکرم خان جو خود کو سیکرٹری کہتا ہے گزشتہ کئی ماہ سے مسلسل ٹیم کو انٹرنیشنل دوروں پر بھیجنے کا اعلان کررہا ہے اب تھائی لینڈ میں ایک بار پھر کنگز کپ میں قومی ٹیم کیلئے اعلان کررہا ہے لیکن کنگز کپ گزشتہ چار سال سے تو ہو ہی نہیں رہا تو پھر ٹیم کہاں جارہی ہے۔ اکرم خان باکسنگ فیڈریشن کو دو حصوں تقسیم کرنے سے گریز کریں اگرمتوازی فیڈریشن بنائی گئی تو سخت اقدامات کئے جائیں گے۔ خیبر پختونخواہ، بلوچستان اور تینوں فورسز کے عہدیدار کوئی بھی اس کے ساتھ کھڑا نہیں ہے۔ یہ صرف باکسنگ کے عوام کو بیوقوف بنارہا ہے اور مال کما رہا ہے۔ خدارا باکسنگ کے ساتھ مذاق ختم کیا جائے اور اس ملک کے معصوم باکسروں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کئے جائیں۔