22 مئی 2013
وقت اشاعت: 0:32
سندھ میں خواتین فٹ بال پر نچی سطح سے کام ہورہا ہے، خادم علی شاہ
جیو نیوز - کراچی … فٹ بال کا کھیل پاکستانی خواتین میں بھی مقبولیت حاصل کررہا ہے، پی ایف ایف کی مثبت پالیسیوں کی وجہ سے اب کئی ملک میں خواتین کی کئی ٹیمیں بن چکی ہیں اور ملکی ایونٹس ہورہے ہیں، سندھ میں خواتین فٹ بال کے حوالے سے سعدیہ شیخ کی خدمات سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ اس بات کا اظہار سندھ فٹ بال ایسو سی ایشن کے چیئرمین سید خادم علی شاہ نے کراچی پارسی انسٹی ٹیوٹ میں نوعمر کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ کے موقع پر جنگ سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جب سے عہدہ سنبھالا ہے سندھ میں فٹ بال کو متحرک کیا ہے اور بڑے شہروں کے علاوہ اب گاؤں اور دیہات میں بھی فٹ بال کے ٹورنامنٹس کا انعقاد باقاعدگی سے ہورہا ہے۔ سندھ میں خواتین فٹ بال پر نچی سطح سے کام ہورہا ہے یہ بہت ہی خوش آئند بات ہے اس کا فائدہ مستقبل میں ملے گا اور یہاں کی بہترین کھلاڑی قومی ٹیم کا حصہ بنیں گی۔ کراچی کے بعد سکھر اور جیکب آباد میں گول پروجیکٹ پر کام تیزی سے جاری ہے اور جلد ہی ان کی تعمیر مکمل ہوجائے گی۔ پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے خواتین فٹ بال پر خصوصی توجہ دی ہے جس کی وجہ سے اب ملک کے کئی شہروں میں خواتین کی ٹیمیں بن چکی ہیں اور قومی سطح کے ایونٹس میں شرکت بھی کررہی ہیں۔ سندھ میں خواتین فٹ بال کے حوالے سے سعدیہ شیخ کی خدمات سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے گراس روٹ لیول پر کام کیا ہے اور کراچی اور سندھ کی لڑکیوں کو قومی ٹیم کا حصہ بننے میں بھی مدد کی ہے۔ سندھ خواتین فٹ بال کی چیئرپرسن اور پاکستان ویمنز اینڈ مینز فٹسال کی چیئرپرسن سعدیہ شیخ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ سندھ میں گراس روٹ لیول پر انڈر 12 سے لیکر مختلف کیٹگریز کی کھلاڑیوں کو جمع کرکے تجربہ کار کوچ ناصر گڑیا اور آسیہ تبسم کے ساتھ کھلاڑیوں کو ٹریننگ دی جارہی ہے۔ کم عمر کھلاڑیوں کو جمع کرنے کا مقصد یہ ہے کہ انہیں فٹ بال کے بنیادی تکنیک سے آگاہ کیا جائے تاکہ وہ مستقبل میں پاکستانی فٹ بال کیلئے اہم اثاثہ ثابت ہوں۔