25 جولائی 2013
وقت اشاعت: 21:34
پی سی بی نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں انٹرا کورٹ اپیل دائر کر دی
جیو نیوز - اسلام آباد…پاکستان کرکٹ بورڈ نے نگران چیئرمین پی سی بی کے اختیارات محدود کرنے اور الیکٹورل کالج مکمل کر کے 90 روز میں انتخابات کرانے سے متعلق عدالتی فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں انٹراکورٹ اپیل دائر کر دی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے وکیل تفضل رضوی نے سابق چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف کا تقرر کالعدم قرار دینے سے متعلق ہائی کورٹ کے 20 جولائی کے تفصیلی فیصلے کے خلاف انٹراکورٹ اپیل دائر کی ہے۔ پی سی بی کے وکیل نے موقف اختیار کیا ہے کہ کرکٹ ایسوسی ایشنز کے مابین تنازعات کے باعث نئے چیئرمین پی سی بی کے انتخاب کے لیے الیکٹورل کالج کی تشکیل ممکن نہیں ، ایسے میں نشریاتی حقوق کے فیصلے میں تاخیرسے پی سی بی کو اربوں روپے کا نقصان ہوگا۔ اس کے علاوہ عدالتی فیصلے کے مطابق سلیکشن کمیٹی میں کرکٹ شائقین کی شمولیت ناقابل عمل ہے جب کہ نگران چیئرمین پی سی بی نے صرف الیکشن ہی کرانا ہے تو بورڈ معاملات کون چلائے؟ کرکٹ ٹیم کو زمبابوے اور دیگر ممالک کے دورے پر جانا ہے،سلیکشن کون کرے؟ اپیل میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی میں ڈی ایم جی افسر کی تعیناتی آئی سی سی قواعد کی خلاف ورزی ہو گی۔