10 نومبر 2014
وقت اشاعت: 18:7
ٹریننگ جاری رکھی ہوئی ہے، خود کو فٹ محسوس کرتا ہوں،محمد عامر
جیو نیوز - لاہور.........فاسٹ بولر محمد عامر ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کے لیے پر عزم ہیں،کہتے ہیں کہ ٹریننگ جاری رکھی ہوئی ہے، خود کو فٹ محسوس کرتا ہوں، ڈومیسٹک کرکٹ میں جو ٹیم بہتر لگی اس کے ساتھ کھیلوں گا، جوشائقین ناراض ہیں انہیں بھی کرکٹ کھیل کر منالوں گا۔آئی سی سی اینٹی کرپشن ترامیم کے بعد پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر کے جنوری سے ڈومیسٹک کرکٹ میں حصہ لینے کی خبروں کے بعد اس حوالے سے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے محمد عامر کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کی جانب سے اچھی خبر آئی ہے، چار سال کے طویل عرصے تک کرکٹ سے دوری آسان بات نہیں تھی۔ ٹیسٹ کرکٹر محمد عامر کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے اینٹی کرپشن یونٹ سے بھرپور تعاون کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پی سی بی خاص طور پر نجم سیٹھی کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے آئی سی سی کی ہر میٹنگ میں ان کا معاملہ اٹھایا۔ محمد عامر نے کہا کہ ان کے ٹیم میٹ شاہد آفریدی، یونس خان اور عمر امین نے مشکل وقت میں بہت ہمت بڑھائی۔