23 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 4:54
چیمپئنز ٹرافی ہاکی :پاکستان بھارت کوہرا کر فائنل میں پہنچ گیا
جیو نیوز - بھوبنیشور........پاکستان نے بھارت کو تین کے مقابلے میں چار گولوں سے شکست دے کر چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنالی۔ پاکستان کے ارسلان قادر نے آخری لمحات میں چوتھا گول کر کے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا۔پاکستان کی جانب سے ارسلان قادر نے دو گول کئے جبکہ محمد عرفان اور وقاص شریف نے ایک ایک گول اسکور کیا۔ ارسلان قادر نے 16 ویں منٹ میں پہلا، وقاص شریف نے 32 ویں منٹ میں دوسرا،محمد عرفان نے 49 ویں منٹ میں تیسرا اور ارسلان قادر نے ہی 58 ویں منٹ میں چوتھا گول اسکور کیا جبکہ بھارت کی جانب سے گورجندر سنگھ نے 11 ویں منٹ میں پہلا، دھرم ویر نے 43ویں منٹ میں دوسرا اور نیکین تھیمیایا نے 53ویں منٹ میں تیسرا گول کیا۔ ارسلان قادرمین آف دی میچ قرار پائے۔پاکستان 16سال بعد چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچا ہے۔ پاکستان اس سے قبل تین مرتبہ چیمپئنز ٹرافی جیت چکا ہے جبکہ آٹھویں مرتبہ چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچا ہے۔بھارت کبھی بھی فائنل تک رسائی حاصل نہیں کرسکا۔بھوبنیشور کا گراؤنڈ تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا تو جو بھارت کی فتح کے منتظر تھے، بھارت کی شکست کے بعد بھارتی تماشائیوں کو سانپ سونگھ گیا اور ان کے منہ لٹک گئے۔کل فائنل میں پاکستان کا مقابلہ جرمنی سے ہوگا۔