تازہ ترین سرخیاں
 کھیل 
23 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 7:3

پاکستان ہاکی ٹیم نےبھارت کو بھارت میں شکست دےدی

جیو نیوز - بھوبنیشور.......پاکستان ہاکی ٹیم نے بھارت میں چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں بھارت کو ہرادیا، ارسلان قادر نے دو گول اسکور کیے،آج شام 7بجے فائنل میں اولمپک چیمپئن جرمنی سے مقابلہ ہوگا۔چیمپئنز ٹرافی ہاکی کے سیمی فائنل میں پاک بھارت میچ کے آغاز کی وسل کیا بجی سمجھیں طبل جنگ بج گیا ، تماشائیوں کا جوش وخروش عروج پر تھا ،گیند اپنے کنٹرول میں رکھنا دونوں ٹیموں کے لیے پہلا ہدف تھا ، پاک بھارت روایتی مقابلے کا پورا رنگ اس میچ میں نظر آیا ، بھارتی ٹیم کی پاسنگ بھی زبردست رہی ، جوابی کارروائی میں پاکستان ٹیم کی پاسنگ نے بھارتی تماشائیوں کی سانس روکے رکھی ، بھارت نے چوتھے ہی منٹ میں خطرناک موو بنائی جسے پاکستان کی دفاعی لائن نے ناکام بنایا ، کھیل کا ٹیمپو اتناتیز رہا کہ کسی بھی لمحے بوریت کااحساس نہیں ہوا ۔بھارت نے پہلے کوارٹر کے آخری 4 منٹ میں گول کرکے برتری حاصل کرلی لیکن اس کے بعد بھارتی کھلاڑی گرباج سنگھ کو یلو کارڈ دکھاکر باہر بھی بھیج دیا گیا۔پاکستان نےایک شاندار موو بنائی لیکن مقابلہ برابر کرنے کا موقع ضائع کردیا ۔دوسرےکوارٹر کے آغاز میں پاکستان نے پے درپے حملے کیے اور پہلے ہی منٹ میں ارسلان کے گول نے حساب برابر کردیا ۔بھارت نے پنالٹی کارنر حاصل کیا لیکن وہ ضائع ہوگیاجواب میں پاکستانی حملہ بھی بھارت نے ناکام بنایا ، لمحہ بہ لمحہ بدلتی صورتحال کے میچ نے شائقین کے دل دھڑکائے رکھے اورکھیلنے والے اپنالہو گرماتے رہے ۔ دوسرے کوارٹر کے آخری لمحات میں بھارت نے زوردار موو بنائی ، اس پر بھارت کو پنالٹی کارنر تو نہیں ملا لیکن پاکستان کے محمد عرفان کو یلو کارڈ ضرور مل گیا۔ دوسرے کوارٹر میں کوئی ٹیم گول اسکور نہ کرکسی ،کھیل کے بتیس ویں منٹ میں پاکستان کے وقاص نے گیند کو جال میں ڈالا تو ویڈیو امپائر نے گول ہونے کی تصدیق کردی ، خسار ےمیں جانے سے بھارتی ٹیم کے ہاتھ پاؤں پھول گئے ، اور وہ یکے بعد دیگر دو پنالٹی کارنرز حاصل کرنے کے باوجود گول نہ کرسکی ۔ کھیل کے 43 ویں منٹ میں بھارت کے دھرم ویرنے گول کرکے مقابلہ برابر کیا ۔49 ویں منٹ میں پاکستان نے ایک بار پھر پنالٹی کارنر پر عرفان کے گول کی بدولت برتری حاصل کرلی ، جوابی حملے میں بھارت کے تھمالا کے فیلڈ گول سے بھارت نے مقابلہ برابر کیا ، اس کے فوری بعد ایک اوور موو کے ذریعے بھارتی کھلاڑی نے گیند جال میں پہنچائی لیکن برتری کا یہ موقع یوں ضائع ہوا کہ گیند کو ہٹ ڈی کےباہر سے لگائی گئی تھی ۔کھیل کے انسٹھ ویں منٹ میں پاکستان کے عرفان قادر نے ایک موو پرگیند کو جال کی راہ دکھائی ، جس کےبعد بھارتی چراغوں میں روشنی نہ رہی اور پاکستان چار ،تین کی فتح کے ساتھ فائنل میں پہنچ گیا۔16 سال بعد چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچنے والی پاکستان ٹیم ٹائٹل کے لیے آج جرمنی سے مقابلہ کرے گی ۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.