13 جنوری 2015
وقت اشاعت: 14:8
قوم کی امیدوں پرپورا اترنے کی کوشش کروں گا، مصباح الحق
جیو نیوز - لاہور.........پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ وہ چیلنجز سے نہیں ڈرتے، ورلڈکپ میں قوم کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے، انہوں نے ورلڈ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بارے میں پہلے ہی بورڈ کو آگاہ کردیا تھا۔ چیئرمین پی سی بی شہریار خان کہتے ہیں مصباح جیسا کپتان ملنا مشکل ہے۔ مصباح الحق نے مزید کہا کہ وہ 20سال سے کرکٹ کھیل رہے ہیں، کرکٹ ان کے لئے ہر چیز سے بڑھ کر ہے۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کپتان مصباح الحق نے کہا کہ وہ بورڈ، فینز ٹیچرز اور ہر اس شخص کا شکریہ ادا کرتے ہیں جس نے انہیں سپورٹ کیا۔ پاکستانی کپتان کا کہنا تھاکہ وہ چیلنجز سے نہیں ڈرتے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائر منٹ کا فیصلہ انجری کی وجہ سے نہیں کیا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ آسٹریلیا کی کنڈیشنز میں ایڈجسٹ ہونے کے لئے ابھی کافی وقت ہے، امید ہے کہ کھلاڑی اچھا پرفارم کریں گے۔ چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے مصباح الحق کو زبدست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان جیسا کپتان پاکستان ٹیم کو ملنا مشکل ہے، مصباح کی قیادت میں پاکستان ٹیم نے ٹاپ رینکنگ حاصل کی، خوشی ہے کہ وہ ورلڈ کپ کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں ٹیم کی کپتانی کرتے رہے گے۔