23 فروری 2015
وقت اشاعت: 14:51
مصباح، معین، وقار نے کہا ہم اپنی کارکردگی پر شرمندہ ہیں:شہریار
جیو نیوز - لاہور......چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا ہے کہ پوری ٹیم متحد ہے، کپتان مصباح، معین، وقار اور ٹیم منیجر سب نے کہا کہ ہم اپنی کارکردگی پر شرمندہ ہیں۔ چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مزید کہا کہ بورڈ نے ٹیم کی مکمل سپورٹ کا اظہار کیا ہے، کسی کو قربانی کا بکرا نہیں بنائیں گے۔ معین خان کے کیسینو جانے پر تحقیقات کررہے ہیں، کچھ ثابت ہوا تو کارروائی کی جائے گی، شہریار خان نے مزید کہا کہ معین خان نے انہیں بتایا کہ وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے دو روز پہلے کھانا کھانے کیسینو گئے تھے، اس سے کہیںاندازہ نہیں ہوا کہ وہ کیسینو میں جوا کھیلنے ہی گئے ہوں گے۔ شہریار خان نے کہا کہ میگا ایونٹ میں ٹیم کی مسلسل شکستوں پر عوام کے ساتھ ساتھ ٹیم مینجمنٹ اور کپتان کو بھی مایوسی ہوئی ہے، سائیکولوجسٹ کو گھر بلا کر شکست کی وجہ پوچھی، تو ان کا بھی یہی کہنا تھا کہ ٹیم کسی خوف کا شکار ہے۔ انہوں نے کے آئندہ کے میچز کے لئے ٹیم کو بے خوف خطر کھیلنے کا مشورہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کپتان مصباح الحق نے بتایا کہ ٹیم کی شکست کے باوجود کھلاڑی اگلے میچز میں جذبے کے ساتھ میدان میں اتریں گے، یہ وہی ٹیم ہے جس نے آسٹریلیا کو ٹیسٹ سیریز مین شکست دی، انہیں صرف ایک جیت کی ضرورت ہے ،ٹیم میں کوئی انتشار نہیں سارے کھلاڑی متحد ہیں۔