9 نومبر 2015
وقت اشاعت: 16:36
پی سی بی ہیڈ کوارٹر کی اسلام آباد منتقلی،شہر یار خان طلب
جیو نیوز - اسلام آباد......پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے کل طلب کیا ہے جس میں پی سی بی کے ہیڈ کوارٹر کو لاہورسے اسلام آباد منتقل کرنے پر بات چیت ہوگی۔
شہریار خان نے کہا ہے کہ وہ اس تجویز کی مخالفت کریں گے،گزشتہ ماہ بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کے رکن سینیٹر سردار محمد اعظم خان موسیٰ خیل نے پاکستان کرکٹ بورڈ کا ہیڈ کوارٹر اسلام آباد منتقل کرنے کی قرار داد پیش کی تھی جسےمنظور کیا گیا تھا۔
سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی نے چیئرمین شہریار خان کو طلب کیا ہے،شہریار خان پی سی بی ہیڈ کوارٹر کی اسلام آباد منتقلی کے حق میں نہیں، اُن کا موقف ہے کہ ہاکی اور فٹ بال سمیت تقریبا تمام ہی فیڈریشنز کے دفاتر لاہور میں ہیں تو صرف کرکٹ بورڈ کو اسلام آباد کیوں منتقل کیا جائے؟
شہریار خان نے یہ بھی کہا کہ دفتر کی منتقلی پر کافی اخراجات آئیں گے جس کے لیے پی سی بی کے پاس رقم نہیں ہے،جبکہ اسلام آباد میں پی سی بی کا کوئی دوسرا آفس بھی نہیں ہے۔