13 نومبر 2015
وقت اشاعت: 15:32
ابوظہبی:انگلینڈ کا پاکستان کو جیت کے لیے 284کا ہدف
جیو نیوز - ابو ظہبی..........پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ایک روزہ میچ میں انگلینڈ نے گرین شرٹس کو جیت کے لیے 284رنز کا ہدف دیا ہے۔
انگلش ٹیم نے اپنے مقررہ پچاس اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 283رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔اس سے قبل ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ کا ٹاس انگلش کپتان ایون مورگن نے جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
انگلش اننگز کا آغاز نہایت شاندار رہا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں جیس رائے 54اورالیکس ہیلز 109نے اپنی ٹیم کومضبوط بنیاد فراہم کی۔بعد ازاں جوئے روٹ 63اور کپتان مورگن 29نے اس اچھے آغاز کو برقرار رکھتے ہوئے ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا۔
تاہم انگلش اننگز کے آخری اوورز میں پاکستانی بولرز نے اچھے اسپیل کیے اور مورگن الیون کو بہت بڑا مجموعہ ترتیب دینےسے روک دیا،بٹلر گیارہ پر آئوٹ ہوئے جبکہ جیمز ٹیلر 9اور معین علی 2پر ناٹ آئوٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے تین ، محمد عرفان اور افتخار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔یاسر شاہ سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے ،جنھوں نے 70رنز دینے کے باوجود کوئی وکٹ نہ لے سکے۔