18 نومبر 2015
وقت اشاعت: 14:59
فرانس انگلینڈ فٹ بال میچ میں پیرس میں مرنے والوں کو یاد کیا گیا
جیو نیوز - لندن.......پیرس حملوں میں ہلاک افراد کے غم دنیا بھرمیں محسوس کیا جارہا ہے، فرانس اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے دوستانہ فٹبال میچ میں مرنے والوں کو یاد کیا گیا۔
برطانوی شہزادے ولیم بھی اس موقع پرموجود تھے،جنہوں نے ہلاک افراد کو خراج عقیدت پیش کیا ۔فرانس اور انگلینڈ کے درمیان دوستانہ فٹبال میچ دیکھنے کے لئے ویمبلے اسٹیڈیم میں تقریباً 70 ہزار فٹبال فینز موجود تھے۔
میچ کی ایکسائیٹمنٹ اپنی جگہ ،لیکن یہاں بھی کوئی ان افراد کو نہیں بھولا جو پیرس حملے میں ہلاک ہوگئے، ان افراد کو خراج عقیدت پیش کرنے کےلئے ویمبلے میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔
میچ میں پرنس ولیم اور برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون بھی شریک تھے۔ پورے اسٹیڈیم میں جگہ جگہ فرانس کے پرچم لہرارہے تھے،پورا ویمبلے فرانس کے پرچم کے رنگوں میں ڈوبا ہوا تھا۔
انگلینڈ کی ٹیم وین رونی جبکہ فرانس کی ٹیم ہیوگو لورس کی قیادت میں میدان میں اتری،جس کے بعد فرانس کا قومی ترانہ بجایا گیا اور خاموشی اختیار کی گئی۔
مرنے والوں کی یاد میں پرنس ولیم نے پھول بھی پیش کئے ،اس موقع پر ویمبلے میں موجود ہر چہرہ افسردہ نظر آیا۔