29 جنوری 2016
وقت اشاعت: 9:4
ال سلواڈور،سب سے زیادہ میچز کھیلنے والا قومی فٹبالر پاشیکو قتل
جیو نیوز - سان سلواڈور......دارالحکومت سان سلواڈور کے مشرق میں 76 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع شہر سانتا آنا کے پیٹرول سٹیشن پر ایک شخص نے 33 سالہ پاشیکو کو کئی گولیاں مارکر قتل کردیا ۔
پولیس کے مطابق حملے میں دو دیگر افراد بھی زخمی ہوئے ، حملے کا مقصد جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں ۔ حملے کا نشانہ بننے والے ال سلواڈور کے کھلاڑی پر 2013 میں میچ فکسنگ میں ملوث ہونے کی وجہ سے تاحیات پابندی عائد کردی گئی تھی ۔
وہ ملک کی جانب سے سب سے زیادہ میچ کھیلنے والے کھلاڑی تھے ۔وہ دفاعی کھلاڑی کے طور پرکھیلتے تھے ۔ پاشیکو اور قومی ٹیم کے دیگر 13 ممبران 2010 سے 2013 کے درمیان بیشتر میچوں کو ہارنے کےلئے رشوت لینے کے جرم میں ملوث پائے گئے تھے ۔
کئی سالوں سے وسطی امریکا کے چھوٹے سے ملک ال سلواڈور کا شمار دنیا میں سب سے زیادہ جرائم کی شرح والے ممالک میں ہو رہا ہے ۔ اسی ماہ کے اوائل میں وسطی امریکا کے ہی ملک ہونڈورس میں ایک 26 سالہ عالمی فٹبالر آرنلڈ پیرالتا کو چھٹی کے دن ان کے آبائی شہر میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا ۔