8 فروری 2016
وقت اشاعت: 6:35
صحافی سے شاہد آفریدی کی بدتمیزی پر تجزیہ کاروں اور کرکٹرز کا رد عمل
جیو نیوز - کراچی......صحافی سے شاہد آفریدی کی بدتمیزی پر سابق کرکٹرز نے تبصروں میں کہا ہےکہ آفریدی سینئر کرکٹر ہیں، انہیں الفاظ کا استعمال سوچ سمجھ کر کرنا چاہیے ۔
رپورٹر سے شاہد آفریدی کی بد تمیزی کے معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے سابق کپتان محمد یوسف نے کہاکہ ہارجیت کھیل کا حصہ ہے، ٹیموں کی رینکنگ بھی اوپر نیچے ہوجاتی ہے لیکن اب آفریدی کے کیریئر کی آخری سیریز ہیں ، ان کی بات کو درگزر کردینا چاہیے ۔
انتخاب عالم آفریدی کی صفائی دینے میدان میں آگئے کہتے ہیں کہ اس طرح کی باتیں ہوجاتی ہیں،ٹیم کو پروجیکٹ کیا ہے، اس طرح کی منفی سوچ نہیں آنی چاہیے ، اس معاملے کو طول نہ دیں ، آگے نہ بڑھائیں۔
سابق کپتان رمیز راجہ نے کہاکہ آفریدی تجربہ کار ہیں انہیں بیچ بچاؤ کرکے نظر انداز کرناچاہیے تھا، الفاظ کا استعمال مختلف ہوسکتا تھا ۔
سینئر صحافی عالیہ رشید نے کہاکہ افسوسناک واقعہ ہے، آفریدی انٹرنیشنل میڈیا کو بھی ہینڈل کرتے ہیں، اگر وہا ں یہ سوال ہوتا تو وہ ایسا جواب نہ دیتے ۔
مصباح الحق کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی کو تحمل رکھنا چاہیے تھا، صحافیوں کو بھی ایسے سوال نہیں کرناچاہئیں،ہر کھلاڑی کا مزاج الگ الگ ہوتا ہے،دیکھ کر گفتگو کرنی چاہیے۔