20 فروری 2016
وقت اشاعت: 13:44
پہلا ٹی 20: پاکستان کا نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 172رنز کا ہدف
جیو نیوز - آکلینڈ.....پہلے ٹی 20انٹرنیشنل میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو میچ جیتنے کیلئے172 رنز کا ہدف دیا ہے، محمد حفیظ نے 61رنز بنائے، آفریدی نے 8گیندوں پر 23رنز کی اننگز کھیلی۔
آکلینڈ میں کھیلے جارہے میچ میں کیوی کپتان ولیم سن نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔پاکستان کو 33کے مجموعی اسکور پر پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا، جب احمد شہزاد ملنے کی گیند پر ایلیٹ کو کیچ دے بیٹھے، گرین شرٹس کی دوسری وکٹ بھی جلد ہی گرگئی اور صہیب مقصود غیرضروری طور پر کریز سے باہر نکل کر کھیلنے کی کوشش میں بغیر کھاتہ کھولے اسٹمپ ہوگئے۔
شعیب ملک تیزرفتار بیٹنگ کی کوشش میں سینٹنر کی گیند پر ایلیٹ کو کیچ دے بیٹھے، شعیب نے 18گیندوں پر 20رنز بنائے۔ دوسر جانب پروفیسر نے ناپ تول کر شاٹس کھیلتے ہوئے38بالز پردو چھکوں اور 6چوکوں کی مدد سے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔
حفیظ بھی تیزی سے رنز بنانے کی کوشش میں ملنے کی بال پر ایسٹل کو کیچ دے بیٹھے، حفیظ نے 61 رنز کی اننگز کھیلی۔ عمر اکمل نے 24 رنز بناکر پویلین کی راہ لی۔
بوم بوم آفریدی نےدھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے 8گیندوں پر 23رنز کی اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں دو چھکوں اور دو چوکے شامل تھے۔ انہوں نے ہنری کے ایک اوور کی پانچ گیندوں پر 21اسکور کیے۔
اس طرح پاکستان نے مقررہ 20اوورز میں8وکٹوں پر171رنز بنائے ، یوں کیوی ٹیم کو میچ جیتنے کیلئے 172رنزکا ہدف ملا ہے۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے ملنے نے تین جبکہ سینٹنر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔