28 ستمبر 2012
وقت اشاعت: 20:32
وزیراعظم، الطاف حسین سمیت سیاسی رہنماوٴں کی قومی ٹیم کو مبارکباد
جیو نیوز - کراچی … ورلڈ ٹی 20 کے سپر ایٹ مرحلے کے میچ میں جنوبی افریقہ کو شکست دینے پر وزیراعظم راجا پرویز اشرف، الطاف حسین اور نواز شریف سمیت دیگر رہنماوٴں نے قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ سری لنکا میں جاری ورلڈ ٹی 20 سپر ایٹ مرحلے کے اہم میچ میں جنوبی افریقہ کو دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے میں شکست دینے پر وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے قومی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان ٹیم آئندہ میچوں میں بھی اچھی کارکردگی دکھائے گی۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے بھی قومی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا ہے کہ پاکستانی ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ لاکر قوم کو خوشیوں کا تحفہ دے گی۔ قومی ٹیم کی فتح پر مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف نے کھلاڑیوں کو مبارک باد دی ہے اور کہا ہے کہ ٹیم آئندہ بھی اسی جذبے سے کھیلے گی۔ جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن اور لیاقت بلوچ نے بھی پاکستانی کرکٹ ٹیم کو سپر ایٹ مرحلے کے پہلے میچ میں کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔