6 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 19:50
پاکستان، سری لنکا سیمی فائنل کی وکٹ غیر مناسب تھی، آئی سی سی کا اعتراف
جیو نیوز - کولمبو … انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سی ای او ڈیو رچرڈسن نے اعتراف کرلیا ہے کہ ورلڈ ٹی 20 کے پہلے سیمی فائنل کی وکٹ غیر مناسب تھی، پریماداسا کی اس وکٹ کو ٹی 20 میچ کیلئے استعمال کرنا نامناسب تھا۔ سری لنکا کے ہاتھوں ورلڈ ٹی 20 کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان کی شکست کی وجہ میچ کی غیر معیاری وکٹ کو قرار دیا جارہا ہے، اس پر سب سے پہلے سابق کپتان وسیم اکرم نے جیو نیوز کے سیگمنٹ سوئنگ آف سلطان میں اعتراض کیا تھا۔اب خود آئی سی سی کے سی ای او اور سابق جنوبی افریقی کرکٹر ڈیوڈ رچرڈسن نے اس بات کا اعتراف کرلیا، لیکن انہوں نے وکٹ کیوریٹر کا دفاع بھی کیا اور کہا کہ وکٹ کا اتنا ڈیڈ ہونا دونوں ٹیموں کیلئے ایک ہی جیسا تھا، البتہ سری لنکن اسپنرز نے اس کا فائدہ زیادہ اٹھایا ۔ ڈیو رچرڈسن نے کہا کہ کیوریٹر کا کہنا ٹھیک معلوم ہوتا ہے کہ اتنے گرم موسم میں اچھی وکٹ بنانا بہت مشکل کام ہے۔