9 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 19:59
ناصر جمشید کا بنگلہ دیشی امپائر نادر شاہ کیخلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ
جیو نیوز - لاہور … پاکستان کے اوپننگ بیٹسمین ناصر جمشید کا کہنا ہے کہ وہ ملک کا نام بدنام کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتے، بنگلہ دیشی امپائر نے اسٹنگ آپریشن میں جو کچھ کہا سب غلط ہے، وہ ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے۔ بھارتی ٹی وی چینل کے اسٹنگ آپریشن میں ایک بنگلہ دیشی امپائر نادر شاہ نے ناصر جمشید پر الزامات لگائے تھے کہ وہ میچ فکسنگ میں ملوث رہے ہیں۔ لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی کرکٹر ناصر جمشید نے کہا کہ بنگلہ دیشی امپائر نے جو کچھ کہا سب غلط ہے،وہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے جس کیلئے انہوں نے وکلاء سے مشاورت شروع کردی ہے اور اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ سے بھی رابطے میں ہیں۔ ناصر جمشید نے کہا کہ وہ پاکستان کو بدنام کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔