15 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 23:50
جونیئر اوپن اسکواش چیمپئن شپ:اینڈریو لی،ذیشان اور حنان کامیاب
جیو نیوز - کراچی … ملائشین کھلاڑی اینڈریو لی، خیبرپختونخواہ کے ذیشان خان، سندھ کے ایم حنان الہی جونیئر اوپن اسکواش چیمپئن شپ میں کامیابی حاصل کرکے اگلے راؤنڈ میں پہنچ گئے۔ سندھ رینجرز اور سندھ اسکواش ایسو سی ایشن کے تعاون سے ہونے والے چھٹی ڈی جی رینجرز (سندھ) انٹرنیشنل جونیئر اوپن اسکواش چیمپئن شپ کا آغاز پیر سے سندھ رینجرز جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس نارتھ ناظم آباد کراچی میں ہوا جس کا افتتاح ڈی جی رینجرز میجر جنرل رضوان اختر نے کیا۔ چیمپئن شپ کی انعامی رقم گیارہ ہزارامریکی ڈالرز ہے۔ ٹورنامنٹ کیلئے ایشین اسکواش فیڈریشن اور پاکستان اسکواش فیڈریشن کے 161 کھلاڑیوں کی انٹریز موصول ہوئی ہیں جن میں پنجاب سے 52، کے پی کے کے 42، بلوچستان کے 1 ، سندھ کے 60، ملائشیا کے 5 اور سری لنکا کی ایک کھلاڑی شامل ہیں۔ سندھ اسکواش نے ایشین ممالک کو بھی مدعو کیا تھا جس پر ملائشین اور سری لنکن کھلاڑی شرکت کررہے ہیں جبکہ بھارتی کھلاڑی ویزا ہونے کے باوجود بقیہ انتظامات نہ ہونے پر آخری وقتوں میں ایونٹ سے باہر ہوئے۔ پیر کو چیمپئن شپ کے انڈر 19 مقابلوں میں ملائشین کھلاڑی اینڈریو لی جیا ہو نے پی اے افی کے مہران جاوید کو، کے پی کے کے ذیشان خان نے اعجاز احمد کو، سندھ کے ایم حنان الہی نے حناس الہی کو، انڈر 15 میں عثمان حسان نے حمزہ عباس کو، حماس احمد تارڑ نے ذیشان گل کو، انڈر 13 میں بلال اسلام نے بلال سجاد کو، ایم حماد نے یاور اشرف کو شکست دیکر اگلے راؤنڈ میں جگہ حاصل کرلی۔