17 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 0:54
ورلڈ ٹی 20 میں شکست: چیئرمین پی سی بی نے ملاقاتیں شروع کردیں
جیو نیوز - لاہور … ورلڈ ٹی 20 میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین چوہدری ذکاء اشرف نے ابتدائی ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، تفصیلی اجلاس جمعہ کو لاہور میں ہو گا۔ پی سی بی ہیڈکوارٹر لاہور میں چیئرمین ذکاء اشرف نے مصروف دن گزارا۔ پاکستان ٹیم کے منیجر نوید اکرم چیمہ نے چیئرمین سے ملاقات میں انہیں رپورٹ پیش کی اور کارکردگی کے حوالے سے بات چیت بھی کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیڈکوچ ڈیو واٹمور اوربولنگ کوچ محمد اکرم نے بھی چیئرمین ذکاء اشرف سے ملاقات کی ہے۔ جمعہ کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں تفصیلی اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں ٹیم مینجمنٹ کے علاوہ بورڈ کے اعلیٰ عہدیدار شریک ہوں گے۔ آل راوٴنڈر عبدالرزاق جنہیں شوکاز نوٹس جاری کیا گیا اور انہوں نے گزشتہ روز اس کا جواب بھی دیا انہیں جمعہ کو ہی طلب کیا گیا ہے۔