17 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 4:31
پریمیئر لیگ فٹ بال:منیجرز کے فیصلے رد،ہوم ٹیم کو ہوم گراؤنڈ الاٹ
جیو نیوز - کراچی …شکیل یامین کانگا… پریمیئر لیگ فٹ بال کے آغاز سے قبل منیجرز میٹنگ میں کئے گئے فیصلے کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے پی ایف ایف نے ہوم ٹیم کو ہوم گراؤنڈ الاٹ کردیئے، فورسز سے تعلق رکھنے والے گراؤنڈ میں میچز کھیلنے والی ٹیموں اور شائقین کا داخلہ بند کردیا جاتا ہے جس کی وجہ سے ٹیموں کو ٹریننگ اور شائقین کو فٹ بال دیکھنے سے محروم ہیں۔ پاکستان پریمیئر لیگ کا اس وقت دوسرا مرحلہ جاری ہے جو عید الاضحی سے قبل مکمل ہوجائے گا۔ لیگ کے آغاز سے قبل پی ایف ایف کا منیجرز میٹنگ میں ان ہوم گراؤنڈ پر میچز نہ رکھنے کی سختی سے اعلان کیا گیا تھا اور ہوم ٹیم کو نیوٹرل وینیوز پر مقابلہ کرنے کا عندیہ دیا گیا تھا۔ پاکستان آرمی کی ٹیم آرمی اسٹیڈیم راولپنڈی میں جی ایچ کیو میں اور ایئر فورس کی ٹیم اپنے اپنے ہوم گراؤنڈ پر میچز کھیل رہی ہیں۔ میچ والے دن ٹیم کو ان گراؤنڈز میں داخلے کی اجازت ہوتی ہے جبکہ ان گراؤنڈ پر میچز کھیلے والی دیگر ٹیموں اور شائقین کو کسی قیمت پر داخلے کی اجازت نہیں ہوتی، گراؤنڈ انتظامیہ واضح طور پر حفاظتی اقدامات کا بہانہ بنا کر ٹیموں اور شائقین کو گراؤنڈز میں داخلے کی اجازت نہیں دیتی، اس گراؤنڈ پر میچز کھیلنے والی ٹیموں نے پی ایف ایف سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے میچز فوری طور پر وہاں سے اسلام آباد کے جناح اسپورٹس کمپلکس منتقل کئے جائیں تاکہ وہ باسانی گراؤنڈ میں رسائی حاصل کرکے اپنی مخالف ٹیموں کو مقابلہ کرتے دیکھ کر اپنے میچز کی حکمت عملی ترتیب دیں۔ جنگ نے جب پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری کرنل (ر) احمد یار لودھی کی توجہ اس مسئلہ کی جانب مبذول کرائی تو انہوں نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ مختلف ٹیموں نے ہم سے شکایت کی ہے۔ ہم اس مسئلے کا جلد از جلد حل نکالیں گے اگر ضروری ہوا تو کانگریس اجلاس میں بھی اس ایشو کو رکھیں گے کہ جو ٹیم کھیلنا چاہتی ہے اپنے گراؤنڈ کی شرط لگا کر نہ کھیلے، جہاں اس کے میچز رکھے جائیں گے اسے کھیلنا ہوگا۔ ٹیموں اور کراؤڈ کو گراؤنڈ میں داخلے کی اجازت ہونی چاہئے کیونکہ جب تک ٹیم میچز نہیں دیکھے گی اپنی تیاری نہیں کرسکے گی۔