17 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 19:33
آئی سی سی کا نمائشی میچ کیلئے ورلڈ الیون کا نام استعمال کرنے پر اعتراض
جیو نیوز - دبئی … انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کراچی میں رواں ہفتے ہونیوالے نمائشی میچ میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی ٹیم کیلئے ورلڈ الیون کا نام استعمال کرنے پر اعتراض کردیا ہے، پی سی بی نے منتظمین کو موٴقف سے باضابطہ طور پر آگاہ کردیا ہے۔ آئی سی سی کے ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نمائشی میچز کیلئے ورلڈ یا پھر ورلڈ الیون کا نام استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے سکتا، کیوں کہ یہ نام آئی سی سی سے منسوب ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ورلڈ الیون کے نام کے کاپی رائٹس رکھتا ہے اور اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو آگاہ کردیا گیا ہے کہ وہ منتظمین کو ورلڈ الیون کا نام استعمال کرنے سے روکیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے منتظمین کو نا صرف ورلڈ الیون بلکہ پاکستان الیون نام کا استعمال کرنے سے بھی منع کردیا ہے۔