20 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 12:18
ورلڈ الیون میں دنیائے کرکٹ نامور کھلاڑی شریک
جیو نیوز - کراچی …پاکستان کا دورہ کرنیوالی انٹرنیشنل ورلڈ الیون میں دنیائے کرکٹ کے نامور کھلاڑی شریک ہیں۔ ٹیم کی قیادت سری لنکا کے مایہ ناز آل راونڈر سنتھ جے سوریا کرہے ہیں، ان کی انٹرنیشنل پرفارمنس کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ان کے ساتھ جنوبی افریقا کے فاسٹ بولر آندرے نیل ہیں، ان کا کیرئیر ان کی کامیابیوں کی واضح دلیل ہے۔مہمان ٹیم میں جنوبی افریقا ہی سے نینتی ہیورڈ بھی شامل ہیں ۔ جنوبی افریقا کے رائٹ ہینڈ بیٹسمین لوٹس بوسمین جو جارحانہ بیٹنگ کی بدولت شہرت رکھتے ہیں ،کراچی کے شائقین بھی ان کے بلند و بالا چھکے دیکھنے کے منتظر ہیں۔چار ایک روزہ میچز میں جنوبی افریقا کی نمائندگی کرنے والے ٹھاندی شابالالا بھی ان دنوں کراچی میں ہیں۔ شابالالا کی موجودگی ٹیم کی بولنگ لائن میں اہم ثابت ہوگی۔آئی سی سی ورلڈ ٹی20 میں افغانستان کی نمائندگی کرنے والے محمد شہزاد بھی بطور وکٹ کیپر انٹرنیشنل ورلڈ الیون کا حصہ ہوں گے۔ افغانستان ٹیم کی فاسٹ بولنگ کے اہم ستون شپور زردان بھی ورلڈ الیون میں شامل ہیں۔ویسٹ انڈیز سے انٹرنیشنل ورلڈ الیون میں شامل نامور اور جارح مزاج رکارڈو پاول جن کا بیٹنگ اسٹائل بھی ٹی 20 فارمیٹ کی پچان ہے۔فاسٹ بولر جرمین لا سن بھی13 ٹیسٹ اور13 ایک روزہ میچز میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ویسٹ انڈیز کیلئے 11 ٹیسٹ کھیلنے والے ایڈم سین فورڈ بھی انٹرنیشنل ورلڈ الیون کی بولنگ لائن کے اہم ہتھیار ہیں ۔پاکستان اسٹارزالیون اور انٹرنیشنل ورلڈ الیون آج نیشنل اسٹیڈیم میں کراچی میں آمنے سامنے ہوگی۔تقریباًساڑھے تین سال بعد شائقین کرکٹ انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو کراچی میں ایکشن میں دیکھیں گے،جیوسوپر میچ براہ راست نشر کرے گا۔