تازہ ترین سرخیاں
 کھیل 
22 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 0:19

وزیر کھیل کی جانب سے ضلع جنوبی کی فٹبال تنظیموں کو انعام اور کٹس کی فراہمی شروع

جیو نیوز - کراچی…شکیل یامین کانگا… صوبائی وزیر کھیل ڈاکٹر محمد علی شاہ کی جانب سے ڈسٹرکٹ ساؤتھ فٹ بال ایسو سی ایشن کے 84 کلبوں کیلئے اعلان کی گئی دس دس ہزار روپے کی انعامی رقم اور ہر کھلاڑی کو دو مکمل کٹس اور سامان کا فراہمی کا عمل شروع ہوچکا ہے۔ ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے عہدیداروں کے منع کرنے کے باوجود ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے 33 سے زائد کلبز وزارت اسپورٹس سے اپنی اپنی انعامی رقم اور سامان وصول کرچکے ہیں۔ لیکن اب سیاسی اثرورسوخ استعمال کرکے ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے عہدیدار سامان حاصل کرنے والے کلبوں کوہدایت کی ہے کہ وہ تمام سامان اور انعامی رقم چاکیواڑہ فٹ بال ہاؤس میں جمع کرا دیں یہ سامان ہم واپس کریں گے۔ جنگ نے صورتحال جاننے کیلئے جب صوبائی وزیر کھیل ڈاکٹر محمد علی شاہ سے بات کی تو انہوں نے بتایا کہ رینجرز فٹ بال ٹورنامنٹ کے اختتام پر گورنر سندھ نے ڈسٹرکٹ ساؤتھ باکسنگ اور فٹ بال کلبوں کو پچاس پچاس لاکھ روپے کی انعامی رقم دینے کا اعلان کیا تھا۔اور ہماری وزارت نے انعامی رقم کی شفاف منتقلی کیلئے رقم اپنی وزرات سے دینے کا اعلان کیا اور ساؤتھ کے 84 کلبوں میں سے ہر کلب کو 10 ہزار روپے اور مکمل کٹ اور سامان دینے کا اعلان کیا۔ اس رقم میں سے ہم نے لیجنڈ اور ضرورت مند کھلاڑیوں کو بھی حصہ لینے کا اعلان کیا لیکن ساؤتھ کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ساری رقم ہمیں دی جائے جو کسی بھی طرح مناسب نہیں ہے، رقم کھیلوں کیلئے ملی ہے تو اس کا خرچ بھی کھیلوں پر ہی ہونا چاہئے کسی فرد واحد کو یہ رقم نہیں دی جاسکتی۔ انعامی رقم اور سامان کی ترسیل کا کام شروع ہوچکا ہے اور نصف سے زائد کلب اپنا حصہ لے چکے ہیں یہ خوش آئند بات ہے۔ دوسری جانب ڈسٹرکٹ ساؤتھ فٹ بال عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ہمارے چالیس کلبوں نے رقم اور سامان لے لیا ہے ہم نے تمام کلبوں کو کہہ دیا ہے کہ وہ انعامی رقم اور سامان چاکیواڑہ فٹ بال ہاؤس میں جمع کرائے ہم نے وزارت کھیل کے خلاف کیس دائر کیا ہے اس لئے یہ سب چیزیں کورٹ میں جمع کرائیں گے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.