3 نومبر 2012
وقت اشاعت: 8:19
دبئی انٹرنیشنل اوپن اسنوکر چیمپئن شپ :پاکستانی ٹیم روانہ ہوگئی
جیو نیوز - کراچی…دبئی انٹرنیشنل اوپن اسنوکر چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے پاکستان ٹیم آج روانہ ہوگئی، قومی کیوئسٹ کا کہنا ہے کہ ایونٹ سے ورلڈ کپ کی تیاری کا بھر پور موقع ملے گا۔پاکستان کے دو کیوئسٹ محمد آصف اور اسجد اقبال دبئی انٹرنیشنل اوپن اسنوکر چیمپئن شپ میں شرکت کریں گے،جو چار نومبر سے شروع ہوگا ، ٹورنامنٹ کے اختتام کے دس روز بارورلڈ کپ شروع ہوگا جس میں یہ ہی دونوں کیوئسٹ پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔پاکستان ٹیم کے منیجر عبدالرشید جمبو کا کہنا ہے کہ دبئی ایونٹ میں زیادہ تر وہ ہی کیوئسٹ حصہ لے رہے ہیں جو ورلڈ کپ میں حصہ لیں گے اس وجہ سے یہ ایونٹ ہر کھلاڑی کیلئے بہت اہم ہے۔دبئی انٹر نیشنل اسنوکر کپ میں 11ممالک کے 32کیوئسٹ حصہ لے رہے ہیں ، جن کو آٹھ گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے ہر گروپ کے ٹاپ پلیئرز ناک آوٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گے۔