3 نومبر 2012
وقت اشاعت: 14:19
ظہیر عباس پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ کیلئے مضبوط امیدوار بن گئے
جیو نیوز - کراچی … پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ایشین بریڈ مین ظہیر عباس نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ کیلئے درخواست دے دی ہے،وہ بیٹنگ کوچ کیلئے مظبوط امیدوار بھی بن گئے ہیں۔ جیو نیوز سے گفتگو میں رنز بنانے کی مشین کی حیثیت سے شہرت رکھنے والے ظہیر عباس نے کہا کہ انہوں نے جمعہ کی رات بیٹنگ کوچ کیلئے درخواست دے دی ہے، اب یہ پاکستان کرکٹ بورڈ پر منحصر ہے کہ وہ ان کی خدمات حاصل کرنا چاہتا ہے یا نہیں۔ پی سی بی نے بیٹنگ کوچ کیلئے اشتہار دیا تھا۔ انتہائی باخبر ذرائع کے مطابق سابق کپتان ظہیر عباس اور سلیم ملک سمیت 12سے زائد ملکی اور غیر ملکی کھلاڑی پی سی بی کو درخواست جمع کرا چکے ہیں۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ کیلئے ظہیر عباس مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں کیونکہ اعلیٰ حکام کی یقین دہانی کے بعد ہی انہوں نے درخواست دینے کا فیصلہ کیا، ورنہ وہ درخواست دے کر کوچ بننے کا ارادہ ہر گز نہیں رکھتے تھے۔ واضح رہے کہ ظہیر عباس پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے بھی رکن ہیں، جس نے کوچ باب وولمر سمیت ٹیم مینجمنٹ کے تقرر میں اہم کردار ادا کیا۔ ذرائع کے مطابق ظہیر عباس نے کمیٹی کے رکن کی حیثیت سے بھی استعفیٰ دے دیا ہے۔