4 نومبر 2012
وقت اشاعت: 19:13
پنجاب میں بھی اسنوکر اکیڈمی کے قیام کی کوشش کررہے ہیں،عالمگیر شیخ
جیو نیوز - کراچی …شکیل یامین کانگا… پاکستان اسنوکر اینڈ بلیئریڈ ایسو سی ایشن کے صدر عالمگیر شیخ نے کہا ہے کہ پنجاب میں بھی اسنوکر اکیڈمی کے قیام کی کوشش کررہے ہیں، امید ہے اس میں کامیابی مل جائے گی، پاکستان اولمپک ایسو سی ایشن سے الحاق کی درخواست دی ہوئی تھی جنرل عارف حسن نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ایک ہفتے میں مسئلہ حل کردیں گے۔ جنگ سے ٹیلی فون پر باتیں کرتے ہوئے عالمگیر شیخ نے بتایا کہ ملک بھر میں اسنوکر اکیڈمیوں کا جال بچھانا چاہتے ہیں پہلے مرحلے میں کراچی میں گورنر سندھ کی وجہ سے کامیابی ہوئی تھی۔ اب دوسرے مرحلے میں پنجاب میں اکیڈمی کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔ دو ماہ قبل فیصل آباد ایگری کلچرل یونیورسٹی کے چانسلر اقرار حسین خان سے ملاقات کی تھی تو انہوں نے اکیڈمی کیلئے جگہ دینے کا وعدہ کیا تھا اب ان سے رسمی بات چیت کرنی ہے امید ہے پیر کو اکیڈمی کے قیام کا فیصلہ ہوجائے گا۔ پنجاب اسنوکر ایسو سی ایشن کے سیکرٹری شہزاد چوہدری کے ہمراہ پنجاب کے مختلف علاقوں کا بھی دورہ کیا ہے اگر پنجاب حکومت سپورٹ نہیں کرے گی تو بھی کھیل کی ترقی کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے اور صاحب حیثیت افراد اور اپنی مدد آپ کے تحت ملک کے سب سے بڑے صوبے میں کام کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ پاکستان اولمپک ایسو سی ایشن سے الحاق کیلئے ہم نے درخواست دی ہوئی تھی جس پر پی او اے کے صدر عارف حسن سے مثبت ملاقات ہوئی ہے انہوں نے ایک ہفتے میں ہمارا مسئلہ حل کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔