5 نومبر 2012
وقت اشاعت: 8:52
بھارت چھ برس میں ہوم گراوٴنڈ پر101 کرکٹ میچ کھیلے گا
جیو نیوز - کراچی …محمد رفیق مانگٹ…بھارت آئندہ چھ برس میں ہوم گراوٴنڈز پر101ٹیسٹ ،ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی20 کرکٹ میچ کھیلے گا۔ بھارتی اخبار نے کرکٹ بورڈ کی دستاویز کے حوالے سے لکھا ہے کہ 2012سے2018تک سات ممالک کی کرکٹ ٹیمیں بھارت کا دورہ کریں گی۔ بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ نے میچز دکھانے کے نشریاتی حقوق مقامی میڈیا کو757.6ملین ڈالر میں الاٹ کرتے ہوئے ضمانت بھی دی ہے۔ تمام میچ مختلف ممالک کے خلاف کرکٹ سیریز کا حصہ ہیں ۔اس شیڈول میں ون ڈے ٹورنامنٹ شامل نہیں تھے تاہم امکان ہے کہ ایک روزہ میچز کوبعد میں شیڈول میں شامل کیا گیا۔ چھ سال کے کرکٹ میچوں کے نشریاتی حقوق دو حصوں 2012سے 2014 اور دوسرا 2014سے2018کے دورانیے پر مشتمل ہے۔ بھارتی بورڈ نے نشریاتی ادارے کو چھ ممالک آسٹریلیا،انگلینڈ،سری لنکا،نیوزی لینڈ،جنوبی افریقا اور ویسٹ انڈیز کے خلاف تقریباً96میچوں کے نشریاتی حقوق فراہم کیے۔ پاک بھارت حکومتوں نے حال ہی میں پانچ سال کے بعد دو طرفہ کرکٹ سیریز بحال کرنے کے لئے گرین سگنل دینے کی رضامندی ظاہر کی ،جس کے بعد نشریاتی حقوق کی اس فہرست میں پاکستان کو شامل کیا گیا۔ دسمبر، جنوری بھارتی دورے میں پاکستان تین ون ڈے،دو ٹی 20 میچ کھیلے گا۔ اس طرح بھارت ہوم گراوٴنڈ پر آئندہ چھ برس میں101میچز کھیلے گا۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے ذرائع نے اخبار کو بتایا کہ پاکستان کے ساتھ میچز کو اسی شیڈول میں شامل کرایا گیا جس دوارنیے میں میڈیا حقوق پہلے ہی فرخت کیے گئے۔ بھارتی بورڈ نے میڈیا حقوق اپریل میں فروخت کیے تھے اس دوران پاکستان کے خلاف دو طرفہ سیریز کے لئے حکومت کی منظوری نہیں آئی تھی، پاکستان سے منظوری بھارتی بورڈ کو30اکتوبر کو دی گئی۔ بھارتی اعلیٰ ذریعے نے اخبار کو بتایا کہ سیاسی ماحول کو ساز گار بنانے کیلئے پاکستان کے خلاف مزید میچز کو اس فہرست میں شامل کیا جائے گا۔بھارتی بورڈ نے بھارتی سرزمین پر اپنی پہلی کرکٹ ٹیسٹ سریز کھیلنے کی بنگلا دیش کی درخواست کو نظر انداز کردیا تھا ۔آئندہ چھ برسوں میں بھارت کا دورہ کرنے والے چھ ممالک میں سب سے زیادہ آسٹریلیا چار دورے کرے گی جب کہ نیوزی لینڈ،انگلینڈ اور سری لنکا دو دو دورے کرے گی۔ جب کہ اسی عرصے میں جنوبی افریقا اور ویسٹ انڈیز کا ایک ایک دورہ ہے۔ آسٹریلیا چھ برسوں میں 8ٹیسٹ،14ایک روزہ اورتین ٹی20کھیلے گی۔