تازہ ترین سرخیاں
 کھیل 
25 فروری 2013
وقت اشاعت: 17:37

ایشین سائیکلنگ فیڈریشن پاکستانیوں کو تربیت دینے آئیں گے،منور بصیر

جیو نیوز - کراچی …شکیل یامین کانگا… پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر منور بصیر نے کہا ہے کہ ایشین سائیکلنگ فیڈریشن قومی سائیکلسٹ کی تربیت کے لیے پاکستان کا دورہ کریں گے۔ ایشین اور ساؤتھ ایشین سائیکلنگ چیمپیئن شپ میں پاکستان کا مضبوط دستہ بھجوایا جائے گا جو ملک کا نام روشن کرئے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میٹ دی پریس پروگرام میں کیا۔ منور بصیر کا کہنا تھا کہ ٹور ڈی پاکستان سائیکل ریس انٹرنیشنل سائیکلنگ فیڈریشن کی منظور شدہ نہیں ہے لہذا اگر کوئی گروپ پاکستان میں ان کا انعقاد کراتا ہے تو اس کا انٹرنیشنل یا پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کوچز کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ٹرینڈ کرنے کے لیے ایشین سائیکلنگ فیڈریشن نے اپنے کوچز بھجوانے کا وعدہ کیا ہے۔ 5 مارچ سے بھارت میں منعقد ہونے والی ایشین سائیکلنگ چیمپیئن شپ کی تیاری کے لیے قومی مرد و خواتین سائیکلسٹ کا تربیتی کیمپ لاہور میں جاری ہے جنہیں بھرپور تیاری کرائی جا رہی ہے تاکہ چیمپیئن شپ میں پاکستانی ٹیم کوئی نمایاں پوزیشن حاصل کر سکے۔ منور بصیر کا کہنا تھا کہ ہماری باڈی نے 2011ء میں ہونے والے انتخابات میں بھاری مارجن سے کامیابی حاصل کی تھی جسے انٹرنیشنل سائیکلنگ فیڈریشن بھی تسلیم کرتی ہے۔ یو سی آئی نے ہمیں یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ پاکستان میں اپنی نمائندہ تنظیم کی بھرپور سپورٹ جاری رکھیں گے باقی کسی دوسرے گروپ کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گراس روٹ لیول پر نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن نے شیڈول ترتیب دیا ہے جس میں زیادہ سے زیادہ قومی مقابلوں کا انعقاد کرایا جائے گا۔ صدر پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کا کہنا تھا کہ ماضی میں سائیکلنگ کے کھیل کے ساتھ زیادتیاں ہوتی رہی ہیں جو اب نہیں ہونگی اور کھلاڑیوں کو ان کا اصل حق ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کئی پرائیویٹ اداروں نے پاکستان سائیکلنگ کی ترقی کے لیے اپنی مالی سپورٹ کا یقین دلایا ہے جن کی مدد سے اپنے کھلاڑیوں کو غیر ملکی ٹورنامنٹس میں بھجوائیں گے۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ملک میں سائیکلنگ کے فروغ کے لیے سائیکلنگ اکیڈمز بنائی جائیں گی اس سلسلہ بھی پہلی اکیڈمی کا آغاز پنجاب سے کیا جائے گا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.