27 فروری 2013
وقت اشاعت: 20:39
این بی پی فٹ بال : فاتح ٹرافی پاکستان اسٹیل کے نام
جیو نیوز - کراچی … آل پاکستان نیشنل بینک فٹبال ٹورنامنٹ کے ساتویں ایڈیشن کو بھی شاندار انداز میں مکمل کرکے آرگنائزنگ کمیٹی نے ثابت کردیا ہے کہ وہ نہ صرف فٹ بال سے انتہائی مخلص ہیں بلکہ اپنی ذمہ داریوں کو دیانتدار ی اور خوش اسلوبی سے نبھانے کا فن بھی بہت خوب جانتے ہیں ان کی صلاحیتوں اور فروغ فٹبال کے جذبہ سے متاثر ہوکر نیشنل بینک آئندہ سال بھی اس ٹورنامنٹ کاانعقاد مزید بہپتر انداز میں کرے گا اور ہماری کوشش ہوگی کہ ٹورنامنٹ کے ثمرات زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں تک پہنچیں۔ ا ن خیالات کا اظہار نیشنل بینک کے ایگزیکٹیو وائس پریذیڈنٹ اور اسپورٹس ڈویثرن کے سربراہ اور بنگلور ٹیسٹ کے ہیرواقبال قاسم نے آل پاکستان نیشنل بینک فٹبال ٹورنامنٹ کی تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر کالونی اسپورٹس اسٹیڈیم پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر چیئرمین ٹورنامنٹ کمیٹی گلفراز خان، سیکریٹری ضمیر الاسلام، سیکریٹری ایسٹ عبیدالله، مراد بخش، غلام محمد خان، انور فاروقی، قیصر فاروقی و دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔ فائنل میچ پاکستان اسٹیل اوراعظم اسپورٹس کے مابین کھیلا گیاجو بالترتیب سیمی فائنل میں باچا شہید ایف سی چمن اور نیشنل بینک کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہی تھیں۔فائنل میں مقابلہ انتہائی شاندار رہا دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل پیش کیا لیکن مقررہ وقت میں کوئی بھی ٹیم گول نہ کرسکی۔ جس پر میچ کا فیصلہ پنالٹی ککس پر کیا گیا۔ تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر مہمان خصوصی اقبال قاسم نے پاکستان اسٹیل اوراعظم اسپورٹس کے کپتانوں میں بالترتیب ونر اور رنر ٹرافی کے علاوہ 50ہزار اور 25ہزار روپے کا کیش پرائز ، پاکستان اسٹیل کے طارق جونیئر کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ اور 10ہزارروپے، پاکستان اسٹیل کے عامر ولی کو بہترین گول کیپر اور5ہزار روپے، شاکر لاشاری کو مین آف دی فائنل اور5ہزار روپے، سدرن گیس کے صابر خان کو بہترین کھیل پر 5ہزار روپے اور اعظم اسپورٹس کے نوید الله کو خصوصی ٹرافی پیش کی۔