4 مارچ 2013
وقت اشاعت: 19:52
پاکستان فٹ بال فیڈریشن :شہروں اور صوبوں میں میچز کی منصوبہ بندی
جیو نیوز - کراچی… پاکستان فٹ بال فیڈریشن شہروں اور صوبوں کی ٹیموں کے درمیان فٹ بال میچز کرانے کی پلاننگ کررہا ہے، اس کو پاکستان فٹ بال لیگ کا نام دیا جاسکتا ہے، پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کرنل (ر) احمد یار خان لودھی نے جنگ کو بتایا کہ فٹ بال کی سرگرمیوں کو بڑھانے کیلئے نئی نئی تجاویز آرہی ہیں، کوشش ہے کہ کھیل کی ترقی کیلئے ملک میں زیادہ سے زیادہ ایونٹس ہوں جن میں کھلاڑیوں کو مواقع ملیں۔ فیڈریشن کے پاس ذرائع آمدنی نہیں ہے، فیفا اور دیگر ذرائع سے جو گرانٹ ملتی ہے اتنی نہیں ہوتی کہ ہم مزید ایونٹس کا انعقاد کریں۔ پاکستان لیگ ایک اچھا آئیڈیا ہے اس پر کام جاری ہے اسپانسرز کی تلاش ہے۔ کرکٹ اور ہاکی کی طرح اگر بڑے اسپانسرز میسر آجائیں تو ہمارے یہاں بھی عالمی فٹ بال کے معیار کے ایونٹس کا انعقاد ہوسکتا ہے۔ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے مارکیٹنگ کنسلٹنٹ نوید حیدر نے جنگ سے باتیں کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان فٹ بال لیگ کیلئے تجاویز آئی ہیں ان پر کام بھی ہورہا ہے پہلے فیز میں چھ ٹیمیں بنا کر ان کے درمیان مقابلے کرائیں گے۔ کراچی اور لاہور جیسے بڑے شہروں میں اس کے میچز ہوں گے۔ شعبہ مارکیٹنگ تجاویز پر کام کررہا ہے اور اسپانسرز کی تلاش میں سرگرداں ہے۔ اس کا اچھا رسپانس بھی مل رہا ہے۔ ستمبر اکتوبر چونکہ کراچی اور لاہور میں بہترین موسم ہوتا ہے اس لئے کوشش ہوگی کہ ان ماہ میں لیگ کرائی جائے۔ کراچی کے حالات پر بھی تشویش ہے اللہ کرے وہاں کے حالات بہتر ہوجائیں تو ہمارے لئے لیگ کرانے میں اور بھی آسانی ہوجائے گی۔