6 مارچ 2013
وقت اشاعت: 18:57
روشن خان جونیئر اسکواش :تاریخ بڑھانے کی درخواستیں ،التوا کا فیصلہ نہیں ہوا
جیو نیوز - کراچی…شکیل یامین کانگا … سندھ اسکواش ایسو سی ایشن کے سیکرٹری طاہر خانزادہ نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کے امتحانات میں مصروف ہونے کے حوالے سے صوبائی ایسو سی ایشنوں کی جانب سے روشن خان جونیئر اوپن اسکواش چیمپئن شپ کو آگے بڑھانے کیلئے درخواستیں وصول ہوئی ہیں، لیکن اس کے ملتوی کرنے کا فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا ہے۔ جب ٹورنامنٹ کی تاریخ آگے بڑھائیں گے تو سب کو باضابطہ آگاہ کیا جائے گا۔ جنگ سے باتیں کرتے ہوئے طاہر خانزادہ کا کہنا تھاکہ چونکہ ہمارا ایونٹ ورلڈ اسکواش فیڈریشن اور ایشین اسکواش فیڈریشن سے رجسٹرڈ ہے اس لئے ہم نے ان دونوں تنظیموں کو آگاہ کردیا ہے اور باضابطہ درخواست کی ہے چونکہ ہمارے یہاں کھلاڑیوں کے امتحانات ہورہے ہیں ٹورنامنٹ کی تاریخ کو آگے بڑھانے کی اجازت دی جائے، ہم دونوں باڈیز کو اعتماد میں لیکر ہی فیصلہ کریں گے اور جیسے ہی کوئی پیش رفت ہوگی ہم باضابطہ طور پر سب کو خطوط جاری کرکے آگاہ کریں گے اور پاکستان اسکواش فیڈریشن کو بھی ساری صورتحال بتائیں گے۔ اس حوالے سے جہانگیر خان سے بھی بات ہوئی ہے ان کا بھی کہنا ہے کہ اگر دونوں تنظیمیں اجازت دیں گی تو ایونٹ کی تاریخ میں رد و بدل کردیا جائے گا۔ طے شدہ شیڈول کے مطابق روشن خان جونیئر اوپن اسکواش چیمپئن شپ چیمپئن شپ 17 سے 21 مارچ تک کھیلی جانی تھی۔ ذرائع کے مطابق صوبائی اسکواش ایسوسی ایشنوں اور جونیئرز کھلاڑیوں نے امتحانات ہونے کی وجہ سے ٹورنامنٹ کی تاریخ آگے بڑھانے کی درخواست کی ہے۔