28 مارچ 2013
وقت اشاعت: 6:16
پاکستانی شہری فواد احمد کی آسٹریلین ٹیم میں شمولیت کے امکانات روشن
جیو نیوز - سڈنی …پاکستانی شہری فواد احمد کی آسٹریلین کرکٹ ٹیم میں شمولیت کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔آسٹریلین چیف سلیکٹر کا کہنا ہے کہ فواد کو ایشز سیریز کے لیے اسکواڈ میں شامل کرنے پر غور کر رہے ہیں۔خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے 31 سالہ لیگ اسپنر فواد احمد 2010 میں آسٹریلیا گئے تھے اور وہاں سیاسی پناہ کی درخواست دی تھی۔ درخواست میں فواد کا موقف تھا کہ وہ اپنے علاقے میں خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی ایک این جی او سے منسلک تھے، جس پر انہیں شدت پسندوں کی جانب سے دھمکیاں ملتی رہیں۔ فواد احمد کی درخواست پہلے رد کردی گئی تھی لیکن فی الحال فواد کو آسٹریلیا میں مستقل سکونت کا اجازت نامہ مل چکا ہے۔فواد احمد آسٹریلیا میں پہلے کلب اور اب فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلتے ہیں۔پچھلے سیزن میں فواد احمد نے ریکارڈ وکٹیں حاصل کیں اور پھر بگ بیش لیگ میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔آسٹریلین کرکٹ ماہرین انہیں شین وارن کے پلے کا بالر سمجھتے ہیں۔ اسی لیے بھارت میں اسپنرز کی مار کھائی آسٹریلین ٹیم میں بھی فواد کی ضرورت محسو س کی جا رہی ہے۔اب آسٹریلیا کا اگلا پڑاوٴ انگلینڈ ہے جہاں دونوں ممالک کی روایتی ایشز سیریز ہونا ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کے چیف سلیکٹر جان اِنویریریٹی (John Inverarity)کا کہنا ہے کہ فواد احمد ایک بہترین لیگ اسپنر ہے اور فواد آسٹریلین اسکواڈ میں اچھا اضافہ ثابت ہو سکتے ہیں۔آئی سی سی کے قوانین کے تحت آسٹریلیا کے لیے کرکٹ کھیلنے سے پہلے فواد کو آسٹریلین شہری بننا پڑے گا۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ جولائی سے پہلے ہی فواد احمد کو آسٹریلین پاسپورٹ مل جائے گا۔