30 مارچ 2013
وقت اشاعت: 16:4
سپر 8 ٹی 20سیمی فائنل: فیصل آباد وولفز نے لاہور لائنز کو شکست دیدی
جیو نیوز - لاہور … سپر 8 ٹی 20 ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں مصباح الحق کی فیصل آباد وولفز نے محمد حفیظ کی لاہور لائنز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 رنز سے شکست دیدی۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے فیصل بینک سپر 8 ٹی 20 ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں مقابلہ تھا قومی ٹیم کے دو کپتانوں مصباح الحق اور محمد حفیظ کے درمیان ، جس میں مصباح کی جیت ہوئی اور حفیظ ناکام ہوگئے۔ اسٹارز کی بھرمار لاہور لائنز کے کام نہیں آئی لیکن کپتان کا تجربہ فیصل آباد وولفز کو فائنل میں لے گیا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے فیصل آباد وولفز کی بیٹنگ لائن ناکام ہوئی اور صرف 125 رنز بناپائی، اسے جکڑنے میں حفیظ کا کردار نمایاں رہا جو 3 شکار کرگئے۔ پھرباری آئی اس ٹیم کی، جس کے پاس ناصرجمشید، احمدشہزاد ، حفیظ اور اکمل برادرز جیسے بڑے نام تھے، مگر کمی تھی تو پلاننگ کی، جو میچ میں واحد فرق ثابت ہوئی۔ ناصر جمشید 46 اور حفیظ 36 رنز بناکر ہدف کو آسان بناگئے، لیکن پھر بازی پلٹ گئی ۔ اسٹارز سے سجی ٹیم کا حوصلہ ٹوٹ گیا اور پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 123 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئی، فیصل آباد وولفز کانٹے دار مقابلہ جیت کرفائنل میں پہنچ گئی۔